حضور صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی حرمت کیلئے اور اسلام کی سربلندی کیلئے جان بھی قربان

ناموس رسالت ﷺ کیلئے، پاکستان اور ایران مل کر آواز بلند کریں گے،شاہ محمود قریشی

Sajjad Qadir سجاد قادر جمعہ 23 اپریل 2021 04:18

حضور صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی حرمت کیلئے اور اسلام کی سربلندی کیلئے جان بھی قربان
مشہد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 اپریل2021ء)  نبی پاک ﷺ کی ناموس ایسی بات ہے کہ جس پر دنیا کے کسی بھی کونے میں موجود کلمہ گو بھائی کٹ مرنے کے لیے تیار ہے۔فرانس نے جس قسم کی حرکت کی تھی اس پر اسے دنیا بھر میں رسوائی کا سامنا کرنا پڑا اور وطن عزیز میں بھی فرانس کا بائیکاٹ کرنے کے لیے جلوس نکالے گئے جبکہ حکومت کو اس وقت بھی مجبور کیا جا رہا ہے کہ فرانس کے ساتھ سفارتی تعلقات ختم کر دیے جائیں۔

اب اس حوالے سے ایران نے بھی پاکستان کے ساتھ ہم آواز ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔شاہ محمود قریشی اس وقت ایران کے دورہ پر ہیں جہاں انہوں نے ایرانی قیادت سے ناموس رسالتﷺ کے معاملے پر بات کی۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ایرانی قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ ناموس رسالت ﷺ اور اسلام کی سربلندی کیلئے پاکستان اور ایران مل کر آواز بلند کریں گے۔

(جاری ہے)

امام رضا علیہ السلام کے روضہ مبارک پر حجتہ الاسلام والمسلمین احمد مروی کے ہمراہ بیان میں وزیر خارجہ نے کہا کہ میں آج مشہد میں امام رضا علیہ السلام کے روضے پر پاکستانی قوم کو یہ خوشخبری دینا چاہتا ہوں کہ حجت الاسلام احمد مروی اور ایرانی قیادت نے من جملہ فیصلہ کیا ہے کہ ناموس رسالت کیلئے، حضور صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی حرمت کیلئے اور اسلام کی سربلندی کیلئے، پاکستان اور ایران مل کر آواز بلند اورہر فورم پر امہ کو یکجا کریں گے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا وژن ہے کہ پوری امہ کو اس معاملے پر یکجا کیا جائے اور مغرب کو قائل کیا جائے کہ وہ طبقہ، وہ لوگ یا وہ ادارے جو توہینِ رسالت مآب صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے مرتکب ہوتے ہیں ان کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ ایسے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانا بہت ضروری ہے اور اس حوالے سے ہماری جدوجہد انشاء اللہ جاری رہے گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں