آشیانہ ہاوسنگ سوسائٹی ریفرنس کی سماعت یکم اکتوبر تک ملتوی

جمعرات 16 ستمبر 2021 14:53

آشیانہ ہاوسنگ سوسائٹی ریفرنس کی سماعت یکم اکتوبر تک ملتوی
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2021ء) لاہور کی احتساب عدالت نے قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر شہبازشریف، سابق سیکرٹری عمل درآمد وزیر اعلیٰ پنجاب فواد حسن فواد، سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ سمیت دیگر 13 ملزمان کیخلاف آشیانہ ہاوسنگ سکیم ریفرنس کیس کی سماعت یکم اکتوبر تک ملتوی کردی۔احتساب عدالت کے جج ساجد علی نے کیس کی سماعت کی۔

جمعرات کے روز عدالتی سماعت پر شہباز شریف، سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے اور اپنی حاضری لگائی۔عدالت نے کیس کی سماعت ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر ملزمان کو دوبارہ طلب کرلیا ۔عدالت میں اب تک 23 گواہان بیانات قلمبند کرا چکے ہیں جبکہ اس مقدمے میں نیب کی جانب سے 86 گواہان شامل ہیں۔

(جاری ہے)

آشیانہ ہاوسنگ سکیم ریفرنس کیس کے دیگر ملزمان میں بسم اللہ کنسٹرکشن کمپنی کے چیف ایگزیکٹو شاہد شفیق، بلال قدوائی، امتیاز حیدر،اسرار سعید اور عارف بٹ شامل ہیں ۔

عدالت نے اس کیس میں سابق بیوروکریٹ فواد حسن فواد کو حاضری سے استثنی دے رکھا ہے ۔اس کیس میں عدالت کی جانب سے دس ملزمان کے خلاف فرد جرم عائد کی جا چکی ہے۔نیب نے شہباز شریف،احد چیمہ اور فواد حسن فواد سمیت دیگر کے خلاف ریفرنس دائر کر رکھا ہے۔ ریفرنس تین والیومز اور ایک ہزار صفحات پر مشتمل ہے جس میں شہباز شریف اور دیگر ملزمان پر اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے اور خزانے کو نقصان پہنچانے کا الزام لگایا گیا ہے۔

نیب ریفرنس کے مطابق 16ہزار غریب شہریوں نے آشیانہ اقبال کیلئے 61کروڑ روپے جمع کروائے ،پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی نے 20جنوری 2015کو معاہدہ کیا، تین سال گزرجانے کے باوجود منصوبہ مکمل نہ ہوسکا،کمپنیوں کی نااہلی کی وجہ سے پنجاب حکومت کو 64 کروڑ 50لاکھ روپے سے زائد رقم کا نقصان اٹھانا پڑا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں