لاہور میں آج سے مزارات کھول دئے گئے

صوبائی وزیر اوقاف سید سعید الحسن نے داتا دربار کے دروازے کھولے اور مزار پر حاضری دی، پنجاب بھر میں آج اسمارٹ لاک ڈاؤن میں نرمی، آج سے مارکیٹیں رات 10 بجے تک کُھلیں گی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 23 ستمبر 2021 10:07

لاہور میں آج سے مزارات کھول دئے گئے
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 ستمبر 2021ء) : صوبائی دارالحکومت لاہور میں مزارات کو 30 سال سے زائد عمر کے زائرین کے لیے کھول دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر اوقاف سید سعید الحسن نے داتا دربار کے دروازے کھولے اور مزار پر حاضری دی اور دعا بھی کی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے احکامات کے مطابق 30 سال سے زائد عمر کے افراد درباروں پر حاضری دے سکتے ہیں۔

صوبائی وزیر اوقاف کا کہنا تھا کہ داتا گنج بخش کا عرس مبارک قریب ہے، زائرین کے لیے ضروری ہے کہ کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کریں۔ واضح رہے کہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں ا سمارٹ لاک ڈاون کے تحت پابندیاں آج سے ختم ہوگئی ہیں۔ اب بازار ہفتہ میں 6روز کھلے رہیں گے۔ کاروبار کی اجازت رات 10 بجے تک ہوگی۔

(جاری ہے)

تمام مزارات زائرین کے لیے کھول دیئے جائیں گے۔

شہریوں کے لیے پارکس بھی کھلے رہ سکیں گے۔ تفریحی مقامات50 فیصد گنجائش کے ساتھ کھولنے کی اجازت ہوگی۔ پنجاب بھر میں آوٹ ڈور تقریبات میں 400 ویکسینیٹڈ افراد کو شرکت کی اجازت ہوگی۔ ان ڈور تقریبات میں 200ویکسینیٹڈ افراد کو شرکت کی اجازت ہے۔ ان ڈور اور آوٹ ڈور ڈائیننگ کی رات12 بجے تک اجازت ہے۔ جبکہ ملک بھر کے لیے این پی آئیز 30 ستمبر تک نافذ رہیں گی۔

نافذ العمل این پی آئیز کا جائزہ 28 ستمبر کولیا جائے گا۔ دوسری جانب وزارت صحت نے قومی سطح پر کورونا مثبت تناسب کے اعداد و شمار بھی جاری کیے ہیں۔ ملک بھر میں 13 ستمبر سے 19 ستمبر تک کورونا مثبت کیسز کی شرح4 فیصد سے 6 فیصد کے درمیان رہی۔ ملک بھر میں 35 فیصد وینٹیلیٹر کورونا مریضوں کے زیر استعمال ہیں۔ پاکستان کے پانچ شہر کورونا کے باعث ہائی الرٹ ہیں۔ فیصل آباد میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 10 اشاریہ 70 فیصد ہے۔ میرپور میں10 اشاریہ 19، حیدرآباد9 اشاریہ 90، مردان8 اشاریہ 42 اور مظفرآباد میں مثبت کیسز کی شرح 8 فیصد ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں