فوج میں تقرریاں حساس معاملہ ہے،حکومت نے اپنی نا تجربہ کاری سے اسے تماشہ بنا دیا‘ راجہ پرویز اشرف

مہنگائی ،بیروزگاری نے عوام کا جینا مشکل بنا دیا ہے،این اے 133 میں بھر پور طریقے سے الیکشن لڑیں گے‘ صدر پیپلز پارٹی وسطی پنجاب

بدھ 20 اکتوبر 2021 22:36

فوج میں تقرریاں حساس معاملہ ہے،حکومت نے اپنی نا تجربہ کاری سے اسے تماشہ بنا دیا‘ راجہ پرویز اشرف
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2021ء) پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ کیا فوج کی تقرریاں چوک میں بیٹھ کر ہونی چاہئیں فوج میں تقرریاں حساس معاملہ ہے،حکومت نے اپنی نا تجربہ کاری سے اسے تماشہ بنا دیا،مہنگائی اور بیروزگاری نے عوام کا جینا مشکل بنا دیا ہے،این اے 133 میں پیپلز پارٹی بھر پور طریقے سے الیکشن لڑے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے چودھری اسلم گل کے بھانجے احمر صفدر وڑائچ کے ختم قل میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر شہزاد سعید چیمہ،عثمان ملک،نوید چودھری ،علی بدر،ڈاکٹر زاہد نت ،موسی کھوکھر،عزیز الرحمن چن اور دیگر بھی موجود تھے۔راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ماضی میں کسی حکومت نے اس قدر عوام دشمنی نہیں کی،پی ڈی ایم ہم نے بنائی جس میںپیپلز پارٹی نے بھر پور کردار ادا کیا،پاکستان میں جمہوریت کو چلتا اور منتخب ایوان مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں ،ان کے خلاف عدم اعتماد لاسکتے ہیں،پنجاب حکومت چند ووٹوں پر کھڑی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ بھی اپوزیشن کو مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے فوج میں تقرریوں کے سوال پر کہا کہ میں وزیر اعظم ہوتا تو کبھی ایسا نہ ہوتا،فوج ہماری ہے،یہ نہیں ہوسکتا کہ آپ چھوٹے چھوٹے معاملات پر ضد کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہم جمہوری لوگ ہے ہمیں اشاروں پر کوئی یقین نہیں،فوج ہمارا ادارہ ہے سب کو اس کی عزت و تکریم کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی کی تنخواہ اور پنشن بڑھانے کا کارنامہ صرف پیپلز پارٹی نے انجام دیا ۔بعد ازاں راجہ پرویز اشرف مسلم لیگ (ن)کے رہنما پرویز ملک کے انتقال پر تعزیت کے لئے ان کی رہائشگاہ پر بھی گئے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں