پنجاب حکومت کا خصوصی افراد کی مالی معاونت کیلئے بڑا اقدام

خصوصی افراد کی ماہانہ مالی معاونت کیلئے ساڑھے3 ارب روپے مختص، ہمقدم پروگرام سے ساڑھے63 ہزارخصوصی افراد مستفید ہوں گے،27 کروڑ کے بلاسود قرضے بھی دیئے جا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 3 دسمبر 2021 20:34

پنجاب حکومت کا خصوصی افراد کی مالی معاونت کیلئے بڑا اقدام
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 دسمبر2021ء) خصوصی افراد کے حقوق کے عالمی دن پر بزدار حکومت کا خصوصی افراد کیلئے تاریخ ساز اقدام، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے خصوصی افراد کی مالی معاونت کیلئے ساڑھے 3 ارب روپے کے ”ہمقدم“ پروگرام کا افتتاح کر دیا۔ وزیراعلیٰ آفس میں پنجاب احساس پروگرام کے تحت”ہمقدم“ پروگرام کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ”ہمقدم“ پروگرام کے تحت مالی معاونت کیلئے اہل خصوصی افراد میں رجسٹریشن سرٹیفکیٹ تقسیم کئے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ساڑھے 3 ارب روپے کی لاگت سے خصوصی افراد کے لئے”ہمقدم“ پروگرام کا آغاز تاریخی اقدام ہے۔”ہمقدم“ پروگرام کے تحت خصوصی افرادکی مالی معاونت کی جائے گی۔

(جاری ہے)

”ہمقدم“ پروگرام سے ساڑھے 63 ہزار سپیشل افراد مستفید ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کو 27 کروڑ روپے کے بلا سود قرضے دیئے جا رہے ہیں اور 10 کروڑ روپے سے خصوصی افراد کو وہیل چیئر، آلہ سماعت اور دیگر ضروری آلات کی فراہمی کا منصوبہ شروع کیا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ سپیشل افراد معاشرے کا اہم حصہ ہیں۔ ماضی کی حکومت کی عدم توجہ کے باعث خصوصی افراد کو سماجی و معاشی مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔

خصو صی افراد کو قومی دھارے میں شامل کیا جانا بہت اہمیت کا حامل ہے اور خصوصی افرادکی معاشی خودمختاری کیلئے آسانیاں پیدا کرنا ہماری حکومت کی ترجیح ہے۔ خصوصی افراد کو سماجی و معاشی ترقی کے مساوی مواقع فراہم کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب احساس پروگرام کے تحت خصوصی افرا دکیلئے ”ہمقدم“ پروگرام کی تقریب میں شرکت میرے لئے اعزاز ہے کیونکہ  یہ تقریب معاشرے کے خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کیلئے منعقد کی گئی ہے جو ہم سب کیلئے سپیشل ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے تحت حکومت پنجاب نادار اور محروم معیشت طبقات کی فلاح و بہبود کیلئے سرگرم عمل ہے۔ پنجاب احساس پروگرام کے تحت پسماندہ طبقات کے معیار زندگی میں بہتری، عدل، مساوات اور بنیادی ضروریات زندگی کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ وائس چیئرمین پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی ناصر جمال چیمہ نے ”ہمقدم“ پروگرام اور اتھارٹی کے جاری اور مستقبل کے پروگراموں کے بارے میں بریفنگ دی۔

صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر سید یاور بخاری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، وائس چیئرمین پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی ناصر جمال چیمہ، ایم پی اے مسرت جمشید چیمہ، سہیل ظفر، سلیم بریار، چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی، سیکرٹری اطلاعات، ڈی جی پی آر اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں