ْجنگلی حیات کے مؤثر تحفظ کیلئے سول سوسائٹی کو محکمہ کے شانہ بشانہ بھر پور کردار ادا کرنا ہوگا

عوام ہوٹلوں اور ریستوران میں معصوم جنگلی حیات کے گوشت سے مزین پکوان کا بائیکاٹ کریں ‘محکمہ جنگلی حیات

اتوار 5 دسمبر 2021 16:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 دسمبر2021ء) وزیر جنگلی حیات و ماہی پروری پنجاب سید صمصام علی بخاری ، سیکرٹر ی جنگلات ، جنگلی حیات و ماہی پروری پنجاب شاہدزمان کی خصوصی ہدایت پر ڈائریکٹرجنرل ملک ثناء اللہ خان کی زیر قیادت محکمہ نے صوبہ بھر میں جنگلی حیات کے مؤثر تحفظ کیلئے بڑے شہروں کے ہوٹلوں اور ریستوران میں معصوم جنگلی حیات کے گوشت سے مزّین پکوان کے عوامی بائیکاٹ کی ترغیب دینے کیلئے سول سوسائٹی کی بھرپور شراکت سے گوجرانوالہ شہرمیں ایک فقید المثال آگاہی واک کا اہتمام کیا۔

ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف گوجرانوالہ ریجن عاصم بشیر چیمہ کی خصوصی کاوش سے شہر کی ایک معروف رجسٹر ڈ غیر سرکاری تنظیم "یار مددگار"کے اشتراک سے ایک فقیدالمثال آگاہی واک کااہتمام کیاگیا جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی کے افراد ، مقامی تنظیم کے ممبران ، ڈاکٹرز ،ریٹائرڈ آرمی آفیسرز ، اساتذہ ،تاجران، ہوٹل مالکان ، گفٹ یونیورسٹی کے طلباء محکمہ جنگلات ،جنگلی حیات کے افسران و اہلکاران کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

واک شیرانوالہ باغ سے شروع ہو کر ڈپٹی کمشنرآفس اختتام پذیر ہوئی ۔، شرکائے واک نے جنگلی حیات کے تحفظ و بچائوکیلئے مختلف ترغیبات پرمبنی بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جس میں معصوم جنگلی پرندوں کو ہوٹلوں پر بیچنے والے ہاکرز کو پکڑو انے کی صورت میں مقامی تنظیم کی جانب سے 02ہزار روپے کے فوڈ وائوچرز کاانعام بھی رکھا گیا ہے ۔واک کے اختتام پر میڈیا کے نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف عاصم بشیر چیمہ نے کہا کہ یہ تمام شہریوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس مکروہ دھندے میں ملوث افراد کی بھر پور مذمت کریں تاکہ معصوم جنگلی حیات کو محفوظ بنایا جاسکے نیز اس مہم کو صوبہ کے دیگر شہروں تک پھیلایا جائیگا تاکہ لوگوں میں اس بابت بھر پور آگاہی پیدا ہو۔

مقامی تنظیم "یار مددگار"کے صدر نے بتایا کہ ہم محکمہ کے شانہ بشانہ جنگلی حیات کے تحفظ کیلئے اپنا بھرپورکردار کریں گے اور اسی مقصد کے پیش نظر ہم نے معصوم پرندوں کو بیچنے والے ہاکرز کی اطلاع دینے والوں کیلئے نقدانعام کااعلان کررکھا ہے ۔ اس کے علاوہ ہماری کوشش ہوگی کہ ہوٹل مالکان بھی اس سلسلے میں ہمارے ساتھ تعاون کریں ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں