لاہور ہائیکورٹ کی پنجاب بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو پولی تھین بیگز سے متعلق پالیسی بنانے کی ہدایت

جسٹس شاہد کریم نے شہری ہارون فاروق سمیت دیگر کی درخواستوں کا تحریری حکم جاری کر دیا، آئندہ سماعت پر پنجاب کے تمام اضلاع کی پالیسی عدالت میں پیش کی جائے،عدالت

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 2 مئی 2024 11:10

لاہور ہائیکورٹ کی پنجاب بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو پولی تھین بیگز سے متعلق پالیسی بنانے کی ہدایت
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔02 مئی 2024 ء) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو پولی تھین بیگز سے متعلق پالیسی بنانے کی ہدایت کردی،لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے شہری ہارون فاروق سمیت دیگر کی درخواستوں کا تحریری حکم جاری کر دیا،تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ آئندہ سماعت پر پنجاب کے تمام اضلاع کی پالیسی عدالت میں پیش کی جائے،لاہور ہائیکورٹ میں آلودگی کا باعث بننے والی فیکٹریوں اور اینٹوں کے بھٹوں کے خلاف کیس کی سماعت جسٹس شاہد کریم نے کی۔

عدالت کی جانب سے حکم نامے میں کہا گیا کہ ہر ڈپٹی کمشنر پولی تھین بیگ اکٹھے کرنے اور انکو تلف کرنے کیلئے پالیسی بنائے، شہریوں پر فیس عائد کرنے کو بھی پالیسی کا حصہ بنایا جائے۔عدالت نے آلودگی کا باعث بننے والی فیکٹریوں اور اینٹوں کے بھٹوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کا حکم دیا۔

(جاری ہے)

عدالت نے پنجاب بھر کی انڈسٹریز کو فضلاءاور آلودگی کا باعث نہ بننے والی ڈیوائس لگانے کی ہدایت کر دی اور چیمبر آف کامرس کو ہدایات جاری کرتے ہوئے چار ہفتوں میں رپورٹ مانگ لی۔

عدالت نے اپنے حکم نامے میں مزید کہا کہ سرکاری وکیل کے مطابق لاہور، شیخوپورہ اور ننکانہ کے محکمہ ماحولیات کے افسران کے تبادلے کر دیئے گئے۔تحریری حکمنامے کے مطابق آلودگی کا باعث بننے والی فیکٹریوں اور اینٹوں کے بھٹوں کیخلاف کارروائیاں کرنے کا بھی کہا گیا۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت 3 مئی تک ملتوی کرتے ہوئے پنجاب کے تمام اضلاع کی پالیسی عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کردی۔

واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے5جون سے پلاسٹک بیگ پر پابندی عائد کر نے کا اعلان کیا تھا جس کی منظوری وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی دیدی تھی۔پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب کااس حوالے سے کہنا تھاکہ ”پلاسٹک کو ناں“ مہم کا آغازکر دیا گیا ہے پلاسٹک بیگز کی تیاری، ترسیل اور استعمال پر مکمل پابندی یقینی بنائیں گے۔عوام خود کو کینسر سے بچانے کیلئے پلاسٹک بیگ استعمال نہ کریں، عوام سے اپیل ہے کہ پلاسٹک بیگز کی جگہ کپڑے اور کاغذ کے تھیلے استعمال کریں، دکاندار سمیت تمام لوگ پلاسٹک بیگز استعمال نہ کرنیکی مہم میں حکومت کا ساتھ دیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں