پیپلزپارٹی کا پنجاب میں از سرنو تنظیم سازی کا فیصلہ

100 دن کے اندر تنظیم سازی کے عمل کو مکمل کیا جائے گا‘ راجہ پرویز اشرف کی پریس کانفرنس

ہفتہ 11 مئی 2024 20:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2024ء) سابق سپیکر قومی اسمبلی پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پنجاب میں پیپلزپارٹی کی از سرنو تنظیم سازی کی جائے گی اور رائٹ مین فار دی رائٹ جاب لگانے کی کوشش کریں گے، خواتین اور نوجوانوں کو آگے لایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کے دفتر میں اب پیپلز پارٹی ازاد کشمیر کے صدر چودری یاسین انفارمیشن سیکرٹری شہزاد سعید چیمہ میاں ایوب محسن بلی موسی کھوکھر اور راحیل کامران کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ تنظیم سازی کیلئے مشاورت شروع کر دی ہے، تحصیل سے لے کر پنجاب لیول تک پیپلزپارٹی کی تنظیم سازی جاندار ہوگی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ 100 دن کے اندر تنظیم سازی کے عمل کو مکمل کیا جائے گا ۔نوجوان قیادت اور تجربہ کار افراد کا خوبصورت کمبی نیشن بنایا جائے گا ۔وسطی پنجاب میں خواتین کو متحرک کیا جائے گا۔ کوشش کریں گے کہ میرٹ پر عہدے دئے جائیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ پنجاب میں آئندہ انتخابات میں بہتر نتائج آئیں گے۔ راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ تاثر دیا جا رہا تھا کہ پنجاب میں پیپلز پارٹی کمزور ہے لیکن حقیقت میں ایسا نہیں ہے۔ ایک سوال کے جواب میں راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر ملک کے سب سے بڑے صوبے میں معاشی ترقی اور سیاسی استحکام کو فروغ دینے کے لیے اہم کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ سردار سلیم حیدر بطور گورنر بالخصوص پنجاب اور مجموعی طور پر پورے ملک کی اجتماعی ترقی و خوشحالی کیلئے اپنی بہترین صلاحیتوں اور وژن کو بروئے کار لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سردار سلیم حیدر کی بطور گورنر نامزدگی صدر آصف علی زرداری کا بہترین انتخاب ہے اور امید ہے کہ وہ قومی مفادات کے تحفظ اور ترقی و خوشحالی کی منزل کے حصول کیلئے اپنی بہترین صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پائیدار ترقی و خوشحالی کے فروغ کے لیے سرکاری اور نجی اداروں کے درمیان تعاون اور رابطے کی اہمیت مسلمہ ہے۔ گورنر ایک پل کے طور پر کام کرتے ہوئے بات چیت میں سہولت فراہم کرنے، خدشات کو دور کرنے کیلئے ابنا بھرپور کردار ادا کریں گے تاکہ پنجاب اور وفاق کے وسیع تر اہداف کے حصول کو ممکن بنایا جا سکے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں