5 رکنی گروہ نے نوکری کا جھانسہ دے کر خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا

پولیس کی جانب سے جھنگ کی رہائشی متاثرہ خاتون کی مدعیت میں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا

Sajid Ali ساجد علی پیر 13 مئی 2024 15:19

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 مئی 2024ء ) صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں 5 رکنی گروہ نے نوکری کا جھانسہ دے کر خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا دیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں نوکری کا جھانسہ دے کر خاتون کے ساتھ مبینہ اجتماعی زیادتی کا واقعہ پیش آیا، جس کے بعد پولیس نے خاتون کی مدعیت میں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا، ایف آئی آر کے متن سے معلوم ہوا ہے کہ یہ افسوسناک واقعہ لاہور کے علاقہ ستوکتلہ میں پیش آیا، جہاں 5 ملزمان نے خاتون کو مبینہ اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا۔

واقعے کے بارے میں پولیس نے مزید بتایا کہ جھنگ کی رہائشی خاتون کو عمر نامی ملزم نے نوکری کا جھانسہ دے کر لاہور بلایا، جس کے لاہور پہنچنے پر ملزم اس متاثرہ خاتون کو ستوکتلہ کے علاقے میں اپنے ایک فلیٹ میں لے گیا جہاں ملزم عمر فاروق کے 4 ساتھی پہلے ہی فلیٹ میں موجود تھے جنہوں نے نشے کی حالت میں خاتون پر تشدد کے بعد اسے مبینہ طور پر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔

(جاری ہے)

دوسری طرف کراچی میں امریکی نژاد لڑکی سے زیادتی کی کوشش کرنے والے ملزم ٹیکسی ڈرائیور کو گرفتار کرلیا گیا، شہر قائد میں سپرہائی وے پر واقع نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں ٹیکسی ڈرائیور کی جانب سے امریکی نژاد لڑکی سے زیادتی کی کوشش کی گئی، پولیس نے واقعے میں ملوث ملزم زین رؤف کو گرفتار کرلیا، سوسائٹی کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزم کی گرفتاری عمل مٰیں لائی گئی، ملزم کے قبضے سے گاڑی اور اسلحہ بھی برآمد کیا گیا، ملزم نے گاڑی پر جعلی نمبر پلیٹ لگا رکھی تھی، گرفتاری کے بعد تفتیشی ٹیم نے ملزم کا 2 دن کا ریمانڈ بھی حاصل کرلیا۔

متاثرہ لڑکی نے پولیس کو دیئے گئے بیان میں بتایا کہ آن لائن ٹیکسی سروس سے گاڑی بک کروائی، اس دوران ڈرائیو نے چلتی گاڑی میں اسلحہ نکال لیا اور زیادتی کی کوشش کی، اسلحہ دیکھ کر میں نے شور مچایا، شور مچانے پر ڈرائیور نے تشدد کیا اور پھر سے زیادتی کی کوشش کی، اس دوران ڈرائیور گاڑی بھگاتا ہوا اندھیرے میں لے گیا، اس کے بعد دوبارہ یو ٹرن لیا اور گھر کی طرف گاڑی لے جانے لگا، کسی شہری کی گاڑی کو دیکھ کر میں نے گاڑی کا ہارن بجایا، جس پر ٹیکسی ڈرائیور نے مجھے پستول سے دوبارہ تشدد کا نشانہ بنایا، اس کے بعد ڈرائیور نے پستول مار کر واقعے سے متعلق کسی کو آگاہ نہ کرنے کی دھمکیاں دیں اور فرار ہوگیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں