علاج معالجے کی بہترین سہولیات ہر غریب آدمی کا حق ہے

ماضی میں نیشنلائزیشن نہ ہوتی تو آج ہر شعبے میں انڈیا سے آگے ہوتے، قائد پی ایم ایل این محمد نوازشریف کا وزیراعلیٰ مریم نواز کے ہمراہ میوہسپتال کا دورہ، مریض بچوں کے والدین سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 14 مئی 2024 19:53

علاج معالجے کی بہترین سہولیات ہر غریب آدمی کا حق ہے
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 مئی 2024ء) وزیراعلی پنجاب مریم نوازاور قائد محمد نواز شریف نے میو ہسپتال چلڈرن ایمرجنسی بلاک کا دورہ کیا اور چائلڈ ایمرجنسی کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف اور قائد محمد نواز شریف نے ٹرائیج ایریا میں مریض بچوں کے والدین سے بات چیت کی۔ سٹیپ ڈاؤن ایریا، نرسنگ روم، نیو نیٹل بلاک فارمیسی کا بھی معائنہ کیا۔

وزیراعلی مریم نوازشریف اور قائد محمد نواز شریف کو چائلڈ لا ئف فاونڈیشن کے زیر اہتمام ایمرجنسی بلاک کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ چائلڈ لائف فاؤنڈیشن کی ایڈمنسٹریٹر بشریٰ عباس نے مریض کے داخلے، تشخیص اور علاج کے طریقہ کار سے آگاہ کیا۔ وزیراعلی مریم نوازشریف اور قائد محمد نواز شریف نے والدین سے گفتگو کی اور تجاویز سنیں۔

(جاری ہے)

وزیراعلی مریم نوازشریف نے میو ایمرجنسی وارڈ کے وزٹ کے فوراً بعد میٹنگ طلب کر لی۔

وزیراعلی مریم نواز اور قائد محمد نواز شریف کی زیر صدارت پنجاب بھر میں چائلڈ ایمرجنسی کی بہتری کے لئے اجلاس منعقد ہوا جس میں پنجاب کے ہسپتالوں میں او پی ڈی رات دس بجے تک کرنے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ہسپتالوں میں کتے کے کاٹے کی ویکسین کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ چائلڈ لائف فاؤنڈیشن کے سی ای او احسن ربانی نے اجلاس کے شرکاء کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پنجاب کے کسی بچے کو کوالٹی ایمرجنسی سے 30 منٹ سے زیادہ دور نہیں ہونا چاہیے۔

ہر چائلڈ ایمرجنسی میں تیز ترین آٹو میشن سسٹم سے مریض بچے کی جان بچائی جاسکتی ہے۔ پنجاب بھر میں 153 ہسپتالوں کی ایمرجنسی وارڈ میں ٹیلی میڈیسن پروگرام فنکشنل ہوچکا ہے۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ کراچی،اسلام آباد اور لاہور میں ٹیلی میڈیسن کنٹرول روم قائم کئے گئے ہیں۔ پنجاب کے 18 ہسپتالوں میں جدید ترین چائلڈ ایمرجنسی بلاک قائم ہوں گے۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ سرکاری دفاتر اور ہسپتالوں میں ورک ایتھکس کو بہتر بنانے کی اشد ضرورت ہے۔ ہسپتالوں خاص طور پر ایمرجنسی میں مانیٹرنگ کی ضرورت ہے۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ سابق دور حکومت میں ہیلتھ سیکٹر کی تباہی میں کسر نہیں چھوڑی گئی- قائد محمد نواز شریف نے کہا کہ بہتر ین علاج ہر غریب آدمی کا حق ہے۔ ماضی میں نیشنلائزیشن نہ ہوتی تو آج ہر شعبے میں انڈیا سے آگے ہوتے۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، سینیٹر پرویز رشید، وزیراطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری، صوبائی وزرا ء صحت خواجہ عمران نذیر، خواجہ سلمان رفیق، ایم این اے بلال اظہر کیانی، ڈاکٹر اظہر کیانی،ڈاکٹر عدنان خان، ڈاکٹر محمود ایاز اور دیگر بھی موجود تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں