پرویز الٰہی کے چیک اپ کیلئے ایم ایس سروسز ہسپتال کو میڈیکل بورڈ بنانے کا حکم

سپیشل سینٹرل عدالت کے جج تنویر احمد شیخ نے منی لانڈرنگ کے مقدمے کی گزشتہ سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 15 مئی 2024 15:22

پرویز الٰہی کے چیک اپ کیلئے ایم ایس سروسز ہسپتال کو میڈیکل بورڈ بنانے کا حکم
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔15 مئی 2024) لاہور کی عدالت نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویزالٰہی کے چیک اپ کیلئے ایم ایس سروسز ہسپتال کو میڈیکل بورڈ بنانے کا حکم دیدیا،لاہور کی سپیشل سینٹرل عدالت کے جج تنویر احمد شیخ نے پرویز الٰہی اور ان کے صاحبزادے مونس الٰہی کے خلاف وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) منی لانڈرنگ کے مقدمے کی گزشتہ سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔

عدالت نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کے چیک کیلئے ایم ایس سروسز ہسپتال کو میڈیکل بورڈ بنانے کا حکم دیتے ہوئے سپرنٹنڈنٹ کوٹ لکھپت جیل کو پرویز الٰہی کو میڈیکل بورڈ کے سامنے پیش کرنے کی ہدایت کردی۔عدالت نے تحریری حکم میں کہا کہ پرویزالٰہی کا مکمل چیک اپ کیا جائے، میڈیکل بورڈ 21 مئی سے پہلے سابق وزیراعلیٰ کی میڈیکل رپورٹ جاری کرے، پرویز الٰہی کو آئندہ سماعت پر عدالت کے روبرو پیش کیا جائے۔

(جاری ہے)

عدالتی حکم میں مزید کہا گیا کہ ایف آئی اے کے مطابق مونس الٰہی کی گرفتاری کا معاملہ انٹرپول کے پاس زیر التوا ہے، ایف آئی اے ملزم کی گرفتاری کیلئے دوبارہ انٹرپول سے رابطہ کرے۔دریں اثناءترقیاتی منصوبوں میں مبینہ کرپشن کے نیب ریفرنس میں احتساب عدالت لاہور نے پاکستان تحریک انصاف کے صدر سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی اور محمد خان بھٹی کی نیب انکوائری کی نقول فراہمی کیلئے دائر درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

پرویز الٰہی سمیت دیگر کے خلاف ریفرنس کی سماعت ہوئی، سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور محمد خان بھٹی کے وکلا نے نیب انکوائری کی نقول فراہم کرنے کیلئے درخواست دائر کی۔ملزمان کے وکلا نے عدالت سے استدعا کی کہ فرد جرم عائد نہ کی جائے، انکوئری کی رپورٹ فراہم کی جائے۔احتساب عدالت نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد نقول فراہم کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے ریفرنس کی مزید سماعت 29 مئی تک ملتوی کردی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں