حکومت پی ٹی آئی کے پروپیگنڈے کو پھیلانے کی مزید اجازت نہیں دے گی،عظمیٰ بخاری

بانی پی ٹی آئی کو ملنے والی سہولیات پر دیگر قیدیوں کے بھی اعتراضات آرہے ہیں،۔ تحریک انصاف اور ان کے رہنما پروپیگنڈا کے ذریعے اشتعال انگیزی پھیلا رہے ہیں،بیان

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 25 مئی 2024 14:15

حکومت پی ٹی آئی کے پروپیگنڈے کو پھیلانے کی مزید اجازت نہیں دے گی،عظمیٰ بخاری
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔25 مئی 2024 ) صوبائی وزیر اطلاعات و نشریات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ حکومت پی ٹی آئی کے پروپیگنڈے کو پھیلانے کی مزید اجازت نہیں دے گی،بانی پی ٹی آئی کو ملنے والی سہولیات پر دیگر قیدیوں کے بھی اعتراضات آرہے ہیں،سنگین ترین مقدمات میں قید مجرم سے روزانہ ملاقاتوں کی اجازت عدالتیں دے رہی ہیں۔ تحریک انصاف اور ان کے رہنما پروپیگنڈا کے ذریعے اشتعال انگیزی پھیلا رہے ہیں۔

بانی پی ٹی آئی عمران خان قوم کی نہیں اپنی چوریاں چھپانے کی جنگ لڑ رہا ہے۔ بانی پی ٹی آئی قیمتی تحائف چوری، گھڑی چوری،عدت میں نکاح، سائفر لہرانے اور 190 ملین پاو¿نڈ کیس میں جیل کاٹ رہے ہیں۔ جیل کی تنہائی نے بانی پی ٹی آئی کو ذہنی طور پر مفلوج اور بدحواس کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

اب دن رات ان کے خوابوں میں بھی وزیراعظم ہاوس اور سرکاری ہیلی کاپٹر سیرسپاٹے ہی آتے ہیں۔

نواز شریف اڈیالہ جیل اور کوٹ لکھپت جیل میں قید رہے، ہفتے میں صرف ایک دن ملاقات کی اجازت ہوتی تھی۔عظمیٰ بخاری کا مزیدکہنا تھا کہ بار بارقوم ہمارے ساتھ ہے کا چورن بیچنا بند کر دیں۔ قوم نے توشہ خانہ کے چوروں اور 9 مئی کے فسادیوں کو ریجیکٹ کر دیا ہے۔یاد رہے کہ مشیر اطلاعات خیبرپختونخواہ بیرسٹرسیف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے جیل میں ہونے کے باوجود جعلی حکومت ان سے خوفزدہ ہے ،عمران خان مریم نواز اور ان کے پاپا نواز شریف کے اعصاب پر سوار ہیں،مریم نواز اوچھے ہتھکنڈوں سے عمران خان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی۔

مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی پلیٹلیٹس کا بہانہ بنا کر لندن بھاگنے والا نہیں۔ راج کماری اوچھے ہتھکنڈوں سے سابق وزیراعظم کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی۔سازشی ٹولہ جتنا عمران خان کوجتنا دباتا ہے وہ اتنا ہی مضبوط بنتا ہے، عمران خان قوم کے لئے قیدوبند کی صعوبتیں کاٹ رہے ہیں۔ پنجاب کابینہ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف قانونی کارروائی کی منظوری دی جو ان کی بوکھلاہٹ کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں