سرکاری ملازمتوں پر پابندی کیخلاف پنجاب حکومت کی اپیل پر الیکشن کمیشن ،وفاقی حکومت کو نوٹس جاری،

آج جواب طلب آئین کے تحت عوامی خدمت اور انتظامی امور کی انجام دہی سے حکومت کو نہیں روکا جاسکتا ، پابندی سے انتظامی امور متاثر ہو رہے ہیں‘موقف

منگل 17 اپریل 2018 21:22

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2018ء) لاہور ہائیکورٹ نے سرکاری ملازمتوں پر پابندی کے خلاف پنجاب حکومت کی اپیل پر الیکشن کمیشن اور وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آج ( بدھ ) جواب طلب کر لیا۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس شجاعت علی خان نے سماعت شروع کی تو ایڈووکیٹ جنرل پنجاب شکیل الرحمن خان نے موقف اختیار کیا کہ آئین کے تحت عوامی خدمت اور انتظامی امور کی انجام دہی سے حکومت کو نہیں روکا جاسکتا مگر الیکشن کمیشن کی جانب سے عام انتخابات سے قبل سرکاری ملازمتوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے جس سے حکومتی اداروں میں انتظامی امور متاثر ہو رہے ہیں۔

بہتر انتظامی امور کی انجام دہی کے لئے عملے کا ہونا لازم ہے، عملے کی کمی کے باعث مختلف اداروں میں حکومتی اور سرکاری امور بروقت سرانجام نہیں دئیے جا رہے جس سے سائلین کو مشکلات کا سامنا ہے۔ لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ ملازمتوں پر پابندی کے حوالے سے الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دیا جائے ۔ جس پر فاضل عدالت نے الیکشن کمیشن اور وفاقی حکومت کو آج (بدھ ) 18اپریل کیلئے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں