عام انتخابات 2018کیلئے خصوصی سکیورٹی انتظامات

ْپنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے لاہور پولیس کو 1700جدید ایل ٹی ای ایڈوانس ہینڈسیٹ فراہم کر دیئے اتھارٹی کی ٹیم نے ہینڈسیٹ کے استعمال بارے پولیس کے 2000افسران و عملے کی تربیت مکمل کر لی

پیر 23 جولائی 2018 22:38

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2018ء) پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی اور لاہور پولیس نے عام انتخابات 2018کیلئے سکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے۔ سیف سٹیز اتھارٹی کی ٹیکنیکل ٹیم نے لاہور پولیس کے 2000افسران و اہلکاروں کو انتخابات کے دوران تمام پولنگ اسٹیشنز پر جدید ایل ٹی ای ایڈوانس ہینڈ سیٹ کے استعمال بارے تربیت دی۔ ایک ہفتے کے تربیتی کورس کی کامیابی سے تکمیل کے بعد اتھارٹی نے 1700جدید LTEایڈوانس ہینڈسیٹ لاہور پولیس کے حوالے کر دیے ہیں۔

لاہور پولیس ہینڈسیٹس کے ذریعے شہر بھر کے پولنگ سٹیشنز پر رئیل ٹائم صورتحال سے آگاہ ہوگی۔ ہینڈسیٹ کے ذریعے پولیس افسران تمام پولنگ اسٹیشنز پر موجود اہلکاروں سے آڈیو، ویڈیو رابطہ کر سکیں گے۔ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے لاہور پولیس آپریشن ونگ کے ذریعے تمام 1700ہینڈسیٹس متعلقہ افسران و عملے کے حوالے کیے۔

(جاری ہے)

اس طرح لاہور پولیس کے پاس کُل ایل ٹی ای ایڈوانس ہینڈسیٹس کی تعداد3500ہو گئی ہے جس سے لاہور میں عام انتخابات کے دوران سکیورٹی صورتحال کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

یاد رہے کہ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے جدید ایل ٹی ای ایڈوانس ہینڈسیٹس 4Gٹیکنالوجی پر پولیس کے اپنے جدید نیٹ ورک پر چلتے ہیں جن کی تمام فیڈ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی سے منسلک ہے۔ یہ جدید ہینڈسیٹس آڈیو ،وڈیو کال، گروپ کال ، ایمرجنسی کال اور ضرورت کے وقت ویڈیو شواہد پہنچانے کے کام آتے ہیں۔یوں لاہور پولیس جدید مواصلاتی رابطے کے ذریعے ایک دوسرے سے لنک ہے۔ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی انتخابات کے دوران قانون نافذکرنے والے اداروں کی راہنمائی وامداد کیلئے مستعد ہے۔شہری کسی بھی ہنگامی صورتحال میں 15ایمرجنسی ہیلپ لائن پر رابطہ کر کے سیف سٹیز اتھارٹی کی سروسزحاصل کر سکتے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں