چیف سیکرٹری پنجاب کا یوم آزادی پرفول پروف سیکیورٹی یقینی بنانے کا حکم

منگل 7 اگست 2018 21:18

لاہور۔7 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2018ء) چیف سیکرٹری پنجاب اکبر درانی نے ہدایت کی ہے کہ یوم آزادی کے موقع پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔یوم آزادی کے سلسلے میںانتظامات کا جائزہ لینے کیلئے سول سیکرٹریٹ میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ یوم آزادی کے سلسلے میں وضع کردہ سیکیورٹی پلان پر پوری طرح عملدرآمد کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ یوم آزادی شایان شان طریقے سے منانے کے لئے تمام محکمے بھرپور رابطے اور تعاون کے ذریعے مشترکہ پروگرامز ترتیب دیں۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو حکم دیا کہ یوم آزادی کے حوالے سے ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگ خصوصاًاقلیتوں، خصوصی افراد اورخواجہ سرائوںکی بھرپور شرکت کو یقینی بنایا جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں ، جیلوں، یتیم خانوں اور اولڈ ایج ہومز میں بھی یوم آزادی منانے کیلئے مخیر حضرات کی حوصلہ افزائی کی جائے۔

انہوں نے افسران کوہدایت کی کہ14اگست کی تقریبات کاآغاز مساجد میں ملک وقوم کی ترقی اور سلامتی کی دعا اور قرآن خوانی سے کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال یوم آزادی پرشجر کاری کو تقریبات کا حصہ بنایا جائے اور تاریخی و تفریحی مقامات کے اردگرد ٹریفک رواں دواں رکھنے کیلئے خصوصی انتظامات کئے جائیں۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کیپٹن (ر) نسیم نواز نے اجلاس کو بتایا کہ یوم آزادی کے سلسلے میںسیکیورٹی اقدامات کے حوالے سے تمام اضلاع کو ضروری ہدایات جاری کر دی گئیں ہیں۔

اجلاس کو مختلف محکموں کے سربراہان کی جانب سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ یوم آزادی کو شایان شان طریقے سے منانے کیلئے صوبائی، ڈویژن، ضلع اور تحصیل کی سطح پر خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔ لاہور میں پرچم کشائی کی مرکزی تقریب حضوری باغ میں منعقد ہو گی۔ یونین کونسل، تحصیل، ضلع اور صوبائی سطح پر سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیز میں تقریری و تحریری مقابلے، سپورٹس اورسیمینارز، سمپوزیمز،مشاعرے، ملی ترانوںو مصوری کے مقابلے، قومی پرچم لہرانے اور قومی ترانہ پڑھنے کی تقاریب منعقد کی جائیں گی۔

اجلاس میں محکمہ خزانہ، بلدیات، سپورٹس،سکولز، ہائر یجوکیشن، وویمن ڈویلپمنٹ ، منصوبہ بندی و ترقیات کے ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریز، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز، ڈپٹی کمشنر لاہور اور متعلقہ حکام نے شرکت کی جبکہ ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنر ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں