محرم الحرام ہمیں ایثار اورقربانی کا درس دیتا ہے، وزیر محنت

بدھ 19 ستمبر 2018 21:27

لاہور۔19 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2018ء) صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل انصر مجید خان نے کہا ہے کہ محرم الحرام ہمیں ایثار اور قربانی کا درس دیتا ہے،اسلام امن کا دین ہے اورا من ہماری ضرورت ہے اس لیے تمام مسالک اور مکاتب فکر کے افراد اپنے اپنے عقائد کے مطابق کربلائے شہداء کو خراج عقیدت پیش کریں، انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ محرم الحرام کے موقع پر ہر قسم کی سہولت مہیا کرے گی اس لیے بھائی چارے کی فضا کو فروغ دیتے ہوئے آپ انتظامیہ سے بھر پورتعاون کریں اور مثالی امن قائم کرکے اپنی روایت کو برقرار رکھیں،ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے خوشاب میں ڈی سی کانفرنس روم میں محرم الحرام کے سلسلے میں امن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ،اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ندیم عباس ،اے ڈی سی (جی) اعجاز احمد بھٹہ ،ایم این اے جویریہ ظفر ،ایم پی اے ساجدہ بیگم ،چیئرمین ضلع کونسل امیر حیدرسنگھا کے علاوہ ضلعی انتظامیہ اور دیگر محکموں کے سربراہ اور مختلف مسالک کے علمائے کرام و امن کمیٹی کے ممبران موجو د تھے ،اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نے صوبائی وزیر کو محرم الحرام کے سلسلے میں کئے گئے انتظامات ،محرم روٹس ،لائٹنگ ،جلوسوں اور مجالس کی تفصیل ،امن عامہ کے لیے مختلف میٹنگز کے انعقاد ،حساس مقامات کی دورے اور محر م کے ضمن میں دیگر تفصیلات سے آگا ہ کیا ،اجلاس میں محکمہ ہیلتھ اور ڈسٹرکٹ ایمر جنسی ریسکیو 1122 وغیرہ نے کیے گئے انتظامات پر تفصیل سے روشنی ڈالی،ڈپٹی کمشنر نے ڈی ایچ کیو ہسپتال اور تحصیل ہسپتالوں میں ایمر جنسی کے طور پر لگائی گئی ڈاکٹروں کی ڈیوٹیز کی تفصیل اور ان کے رابطہ نمبر ز مہیا کرنے اور انہیں اہم جگہوں پر ڈسپلے کرنے کی ہدایت کی،کمیٹی کے ممبران نے اپنی جانب سے محرم الحرام کے دوران امن قائم رکھنے اور ضلع انتظامیہ کے ساتھ بھر پور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں