لاہور،بھارتی آرمی چیف کی پاکستان کو دھمکیاں محض گیدڑ بھبھکیاں اوراپنی شکست خوردہ فوج کو تسلی دینے کیلئے ہیں،سیف اللہ خالد

بھارتی دھمکیوں پر پاکستانی عسکری و سول قیادت کا جراتمندانہ بیان لائق تحسین ہے،وزیر خارجہ شاہ جنرل اسمبلی میں بھارتی دہشت گردی اور کشمیریوں پر ہونیوالے مظالم کے خلاف بھر پور آواز بلند کریں،صدر ملی مسلم لیگ

پیر 24 ستمبر 2018 21:54

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 ستمبر2018ء) ملی مسلم لیگ کے صدر سیف اللہ خالد نے کہا ہے کہ بھارتی آرمی چیف کی پاکستان کو دھمکیاں محض گیدڑ بھبھکیاں اوراپنی شکست خوردہ فوج کو تسلی دینے کیلئے ہیں۔پاکستان کی ایٹمی قوت اور میزائل ٹیکنالوجی کی دنیا معترف ہے۔بھارتی دھمکیوں پر پاکستانی عسکری و سول قیادت کا جراتمندانہ بیان لائق تحسین ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں بھارتی دہشت گردی اور کشمیریوں پر ہونیوالے مظالم کے خلاف بھر پور آواز بلند کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سیف اللہ خالد نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر اس وقت پورے عروج پر ہے۔ بھارت سرکارنے آٹھ لاکھ فوج کے ذریعہ کشمیریوں پر ظلم و دہشت گردی کے تمام حربے آزما لیے لیکن مظلوم کشمیریوں کا جذبہ آزادی کچلنے میں کامیاب نہیں ہو سکی۔

(جاری ہے)

کشمیر یوں کی اسی تحریک کے نتیجہ میں بھارتی فوج کا مورال بری طرح گر چکا ہے۔ آئے دن بھارتی فوج، فضائیہ اور سی آر پی ایف کے اہلکار خودکشیاں کر رہے ہیں۔ بھارتی آرمی چیف کی طرف سے پاکستان کیخلاف حالیہ دھمکی آمیز بیان دراصل اپنی فوج اور عوام کا مورال بہتر کرنے کی ناکام کوشش ہے۔انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان وطن عزیز کی حفاظت کا فریضہ سرانجام دے رہی ہیں اور پاکستان کا بچہ بچہ دفاع وطن کے لئے پاک فوج کے شانہ بشانہ رہے گا۔انہوں نے کہا کہ بھارتی دھمکیوں کے نتیجہ میں سول و عسکری قیادت کا بھارت کو منہ توڑ جواب پاکستانی قوم کی امنگوں کی عکاسی کرتا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں