ریلوے کو مثالی ادارہ بنا کر اپنے پاؤں پر کھڑا کریں گے، ہمارا مین ٹارگٹ فریٹ ریونیو ہے ،

دورِ جدید کے جتنے تقاضے ہیں اٴْن کو پورا کیا جائیگا، پاکستان ریلوے کو بھارت و یورپین ممالک کے مدِ مقابل لائیں گے پارلیمانی سیکرٹری برائے ریلویز فرخ حبیب کی ریلوے ہیڈکوارٹرزلاہورمیں صحافیوں سے گفتگو

پیر 8 اکتوبر 2018 18:58

لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اکتوبر2018ء) پارلیمانی سیکرٹری برائے ریلویز فرخ حبیب نے کہا ہے کہ ریلوے کو اپنے پاؤں پر کھڑا کریں گے، دورِ جدید کے جتنے تقاضے ہیں اٴْن کو پورا کریں گے اور جواصل انیشیٹو ہیں اٴْن کو سامنے لیکر آئیں گے، بین الاقوامی سٹینڈرڈ کو سامنے رکھتے ہوئے ہم پاکستان ریلوے کو اپنے ہمسایہ ممالک بھارت اور دوسرے یورپین ممالک کے مدِ مقابل لائیں گے، یقیناًچیلنچز کا سامنا موجود ہے جیسے کہ ہمارا مالیاتی خسارہ جس کو ہم سبسڈی کی مدمیں لیتے ہیں، ریلوے کو حکومت کی طرف سے سالانہ37 ارب روپے کی سبسڈی مل رہی ہے، ہمارا اس کے اوپر فوکس ہے کہ ہم نے ریلوے کے ریونیو کو بڑھانا ہے، ہمارا مین ٹارگٹ فریٹ ریونیو ہے جس کے اندر آگے بڑھنے کے حوالے سے بہت گنجائش موجود ہے، ریلوے ہیڈکوارٹرز آفس لاہور میں صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ مسافروں کی سہولت کیلئے ریلوے کی تمام ٹرینوں کے اندر وائی فائی سسٹم لے کر آرہے ہیں، انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق مسافروں کی حفاظت اور سکیورٹی بہت اہم ہے اس کیلئے ہماری پوسٹل کمپنی انشورنس سسٹم میں مزید بہتری لیکر آئیگی اور ہمارے جتنے بھی ریگولر مسافر ہوں گے اٴْن کیلئے بہترین پیکجز لیکر آئیں گے، انہوں نے کہا کہ پی آئی اے اور دوسری ایئرلائنز کی طرح اس سسٹم کو بھی یہاں لگانے جارہے ہیں کہ جن لوگوں کو ٹکٹ ریزرویشن کیلئے اسٹیشن پر جانا پڑتا ہے وہ اپنا ٹی این آر گھربیٹھے کمپیوٹر پر حاصل کرسکتے ہیں، پارلیمانی سیکرٹری نے ریلوے زمین کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی سے منسلک ہمارے جتنے بھی پلان ہیں اٴْن کو سامنے لیکر آئیں گے، بہترین مالیاتی نظام اور مسافروں کی حفاظت کو یقینی بناناہماری ترجیحات میں شامل ہے، ریلوے کی کمرشل زمینوں سے بھی ریلوے کے ریوینو میں اضافہ کریں گے اور ریونیو بڑھنے سے ریلوے ملازمین کا بہتر انداز سے تحفظ کریں گے، ملازمین کے حقوق کا تحفظ کرنا ہماری حکومت کا عزم ہے، پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ ماضی میں آنے والی حکومتوں نے ریلوے کے اوپراس لحاظ سے توجہ نہیں دی جس طرح دینی چاہئے تھی یہ ہمارا سٹریٹیجک اثاثہ ہے، ہم نے اپنے ٹریک اور سگنلگ سسٹم کو بہترکرنا ہے، مسافروں کو وقت پر منزلِ مقصود پر پہنچانے کیلئے بھرپور توجہ دیں گے، ماضی کی حکومتوں نے بہت سے دعوے توکئے مگر عملی طور پر کچھ نہ کیا اوریہی وجہ ہے کہ پاکستان ریلوے کو سبسڈی کی مد میں حکومت کی طرف دیکھنا پڑتا ہے، ریلوے کو مثالی ادارہ بنانا ہمارا عزم ہے، بعدازاں ریلوے حکام کی جانب سے پارلیمانی سیکرٹری فرخ حبیب کو ریلوے آپریشنز کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں