پنجاب اسمبلی کا بجٹ اجلاس، اپوزیشن اراکین کی ہنگامہ آرائی،بجٹ کی کاپیاں پھاڑ دیں

منگل 16 اکتوبر 2018 21:02

لاہور۔16 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2018ء) پنجاب اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں اپوزیشن اراکین نے قوانین کی دھجیاں اڑا دیں‘ ایوان میں شدید ہنگامہ آرائی کی اور بجٹ کی کاپیاں پھاڑ کر ایوان میں پھینکتے رہے، منگل کو پنجاب اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں جیسے ہی صوبائی وزیر خزانہ مخدوم جواں ہاشم بخت نے بجٹ تقریر شروع کی تو اپوزیشن اراکین اپنی نشستوں سے اٹھ کر ایوان میں آگئے اور شدید ہنگامہ آرائی شروع کر دی جبکہ بجٹ کی کاپیاں پھاڑ کر ایوان میں پھینکتے رہے،پنجاب اسمبلی کے ایوان میں موبائل فون پر پابندی کے باوجود اپوزیشن اراکین ہنگامہ آرائی کی ویڈیوز بھی بناتے رہے، سپیکر پنجاب اسمبلی کے بار بار منع کرنے کے باوجود اپوزیشن اراکین اپنی نشستوں پر نہ بیھٹے اور اپوزیشن ڈائس تک پہنچنے کیلئے سیکرٹری پنجاب اسمبلی کی میز تک آگئے جس پر حکومتی اراکین نے صوبائی وزیر خزانہ اور سپیکر پنجاب اسمبلی کی چیئرز کا حفاظتی گھیرائو کیا تاہم اپوزیشن اراکین حکومتی اراکین کے ساتھ ہاتھا پائی پر بھی اتر آئے، اس دوران سابق صوبائی وزیر اور مسلم لیگ(ن) کے ممبر صوبائی اسمبلی میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن نے ایوان میں حفاظت پر مامور پنجاب پولیس کے اہلکار کو دھکے بھی دیئے،اپوزیشن اراکین نے سیکرٹری پنجاب اسمبلی کے سامنے بیٹھے اسمبلی ملازمین کو کام کرنے سے روک دیا اور ان کی میز پر چڑھ کر نعرے بازی شروع کر دی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں