پنجاب پورٹل میں 9301کاروباروں کا اندراج مکمل

بدھ 17 اکتوبر 2018 15:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2018ء) پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے انڈسٹریز ڈیپارٹمنٹ کے اشتراک سے تیار کردہ بزنس رجسٹریشن پورٹل میں جنوری سے اب تک نو ہزار تین سو ایک کاروباروں کا اندراج مکمل ہوچکا ہے۔یہ بات آج یہاں چیئرمین پی آئی ٹی بی ڈاکٹر عمر سیف کی زیرصدارت جائزہ اجلاس میں بتائی گئی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ان کاروباروں میں 5465کا تعلق صنعتی شعبے ‘1747کاپنجاب ایمپلائز سوشل سکیورٹی اداروں اور2089کا تعلق لیبر سے تھا۔

(جاری ہے)

بزنس پورٹل کا مقصد آن لائن پلیٹ فارم کے ذریعے کاروباری افراد اور اداروں کے لئے مختلف امور میں آسانیاں پیدا کرنا اور قیمتی وقت بچانا ہے۔ یہ پورٹل صنعتوں اور دکانوں کے ساتھ شراکت داری فرم کے اندراج میں مدد فراہم کرتا ہے اور نادرا اور ایس ای سی پی سے منسلک ہے۔رابطے کیلئے ہیلپ لائن 042-111-425-725 بھی قائم کی گئی ہے۔ پورٹل کی سہولت لاہور کے لئے دستیاب ہے جسے جلد پنجاب کے دیگر اضلاع تک پھیلایا جائے گا۔ آن لائن بزنس رجسٹریشن پورٹل پر کاروبار کا اندراج اڑتالیس گھنٹوں میں کیا جا سکتا ہے۔کاروبار کے اندراج کیلئے درخواست دینے والوں کو ای میل اور ایس ایم ایس نوٹیفکیشنز کے ذریعے درخواست بارے آگاہ بھی رکھا جاتا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں