لاہور ،محکمہ ریلوے نے احتجاجی مظاہروں اوردھرنوں سے پیدا ہونے والی کشیدہ صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے بہترین حکمتِ عملی تشکیل دی، ڈاکٹرمجیب الرحمان خان

مسافر اور ریلوے املاک مکمل طور پر محفوظ رہے ،ریلوے پولیس ایس پیز نے اہم ٹرینوں پر گشت ملازمین کے ساتھ خود بھی فرائض سر انجام دیئے، انسپکٹرجنرل پاکستان ریلوے پولیس

ہفتہ 3 نومبر 2018 23:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 نومبر2018ء) پاکستان ریلوے پولیس اور محکمہ ریلوے نے ملک بھر میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں اوردھرنوں سے پیدا ہونے والی کشیدہ صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے بہترین حکمتِ عملی تشکیل دی۔جس کے نتیجے میں نہ صرف ٹرین آپریشن جاری رہا بلکہ ریلوے مسافروں اور ریلوے املاک مکمل طور پر محفوظ رہے۔ تفصیلات کے مطابق انسپکٹرجنرل پاکستان ریلوے پولیس ڈاکٹرمجیب الرحمان خان نے ٹرین آپریشن کو رواں رکھنے کے لیے افسران کو فوری ہدایات جاری کیں۔

ریلوے املاک و ریلوے مسافروں کی حفاظت کے لیے ناصرف ریلوے پولیس کمانڈوز تعینات کیے گئے بلکہ اہم ٹرینوں پر گشت ملازمین کی تعدادبھی دُگنی کردی گئی۔ ریلوے پولیس کے ایس پیز نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اہم ٹرینوں پر گشت ملازمین کے ساتھ خود بھی فرائض سر انجام دیئے اور ہمہ وقت اپنے ڈویژنل ہیڈکوارٹرز پر موجود رہے۔

(جاری ہے)

ڈی آئی جی آپریشنز شارق جمال خان کی نگرانی میں ریلوے پولیس کے ایس پیز صوبائی پولیس کے ساتھ مکمل رابطے میں رہے جبکہ کراچی ڈویژن میں ٹرین آپریشن کو رواں رکھنے کے لیے رینجرز کی خدمات بھی حاصل کی گئیں۔

ایس پی ریلوے پولیس لاہور ڈویژن نے شاہدرہ ریلوے اسٹیشن کے قریب امامیہ کالونی پھاٹک پر جبکہ ایس پی ریلوے پولیس راولپنڈی ڈویژن نے ریلوے اسٹیشن سرائے عالمگیر کے نزدیک ریلوے پھاٹک چوھا کڑیالہ کے مقام پر ہونے والے دھرنوں پر بہترین حکمتِ عملی کا مظاہرہ کیا۔ محکمہ ریلوے اور پاکستان ریلوے پولیس کی بروقت اور مؤثر حکمتِ عملی نے نہ صرف قیمتی ریلوے املاک کو نقصان سے بچایابلکہ ریلوے مسافروں کو تحفظ فراہم کرتے ہوئے ٹرین آپریشن کو بھی جاری رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔

جس جگہ ٹرین آپریشن معمولی وقت کے لیے متاثر ہوا وہاں بھی ریلوے مسافروں کو فول پروف سیکورٹی فراہم کی گئی جبکہ ایک چھوٹے سے واقعے میں جہاں مظاہرین نے ٹرین ڈرائیور کو یرغمال بنانے کی کوشش کی وہاں ریلوے پولیس کی بروقت کارووائی سے نہ صرف ٹرین ڈرائیورمحفوظ رہا بلکہ ٹرین میں موجود مسافر بھی محفو ظ رہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں