وکلاء کاعلاقائی بینچز کے قیام کیلئے پنجاب اسمبلی اور گورنر ہائوس کے سامنے احتجاج

وکلاء نے چیف جسٹس کی عدالت کے باہر بھی احتجاج ریکارڈ کرایا،مطالبات کے حق میں نعرے ْمطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو 14 نومبر کوگوجرانوالہ میں کوئی عدالت نہیں لگے گی ‘ رہنمائوں کا خطاب

بدھ 7 نومبر 2018 20:43

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 نومبر2018ء) وکلاء نے گوجرانوالہ، فیصل آباد اور سرگودھا سمیت دیگر اضلاع میں علاقائی بینچز کے قیام کیلئے مال روڈ پر پنجاب اسمبلی اور گورنر ہائوس کے سامنے احتجاج کیا ، وکلاء کے احتجاج کی وجہ سے مال روڈ اور ملحقہ شاہراہوں پر ٹریفک کا نظام معطل ہو گیا جس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔

تفصیلات کے مطابق مختلف اضلاع سے آئے ہوئے وکلاء نے علاقائی بنچز کے قیام کیلئے پنجاب اسمبلی تک ریلی نکالی ۔ وکلاء کی جانب سے مال روڈ پر ٹائر جلا کر احتجاج کیا گیا جس سے مال روڈ پر ٹریفک کا نظام معطل ہو گیا جبکہ ملحقہ شاہراہوں پر ٹریفک کا دبائو بڑھنے سے ٹریفک سست روی کا شکار رہی ۔ بعد ازاں وکلاء نے گورنر ہائوس تک ریلی نکالی اور دھرنا دیا ۔

(جاری ہے)

اس دوران وکلاء اپنے مطالبات کے حق میں نعر ے لگاتے رہے ۔ وکلا نے اعلان کیا کہ اگر ان کے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو 14 نومبر کو گوجرانوالہ میںمیں کوئی عدالت نہیں لگے گی ۔قبل ازیں علاقائی بینچز کی تشکیل کے لیے گوجرنوالہ بار کے وکلا ء جلوس کی شکل میں لاہور ہائیکورٹ پہنچے جہاں فیصل آباد اور سرگودھا بار کے وکلا ء نے ان کا استقبال کیا۔

وکلا ء نے بنچز کی تشکیل کیلئے بینرز اور کتبے اٹھا رکھے اور اپنے مطالبے کے حق میں نعرے لگا رہے تھے۔وکلا ء ایک جلوس کی شکل میں لاہور ہائیکورٹ کے اندر داخل ہوئے اور اس کے بعد چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ کی عدالت کے باہر احتجاج ریکارڈ کرایا۔وکلا رہنما ئوں نے کہا کہ علاقائی بینچز کی تشکیل ان کا بنیادی حق ہے اور اس حق سے محروم نہ کیا جائے۔ ہمارا احتجاج پرامن ہے اور ان کے مطالبات کو مانا جائے۔وکلا ء رہنما ئوںنے اعلان کیا کہ حق کی آواز نہ سنی گئی تو 14 نومبر کو گوجرانوالہ میں کوئی عدالت نہیں لگے گی اورپھرپور احتجاج کیا جائے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں