چیئرمین پی ایچ اے یاسر گیلانی کاجم دوبارہ کھولنے کا اعلان

جمعرات 15 نومبر 2018 19:47

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 نومبر2018ء) صوبائی وزیرِ ہاؤسنگ میاں محمودالرشید کی زیرِ صدارت اجلاس پی ایچ اے اور لاہور باڈی بلڈنگ ایسوسی کے وفد سے ملاقات کے دوران معاہدے پر عملدرآمد سے متعلق معاملات طے پاگئے۔لاہور باڈی بلڈنگ ایسوسی ایشن کے وفد کی جانب سے پی ایچ اے کے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کی یقین دہانی پر چیئرمن پی ایچ اے یاسر گیلانی نے جم دوبارہ کھولنے کا اعلان کر دیا۔

اس موقع پر چیئرمن پی ایچ اے یاسر گیلانی نے ضابطہ اخلاق کے چیدہ چیدہ نکات بھی وفد کے سامنے رکھے جن میں تمام جمنیزیمز میں ماہر ٹرینرز کی ہمہ وقت موجودگی، ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد، ابتدائی طبی امداد اور سیفٹی کِٹ کی دستیابی، ممنوعہ ادویات اور سٹیرائڈز کے استعمال کی حوصلہ شکنی، مستحق ممبران کے ساتھ تعاون اور وقتاً فوقتاً معائنہ اہم ہیں۔

(جاری ہے)

ایسوسی ایشن کے وفد نے پی ایچ اے اور وزیرِ ہاؤسنگ کو اپنی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ اجلاس کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے میاں محمود الرشید نے کہا کہ مذکورہ جمنیزیمز عوامی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے قائم کیے گئے تھے لہٰذا فیس میں اضافہ نہیں کیا گیا نہ ہی کوئی پابندی لگائی گئی ہے۔ اجلاس میں چیئرمن پی ایچ اے یاسر گیلانی، وائس چیئرمین پی ایچ اے حافظ ذیشان، ڈائریکٹر سپورٹس پی ایچ اے اور لاہور باڈی بلڈنگ ایسوسی ایشن کے نمائندگان بھی موجود تھے۔

میاں محمود الرشید نے مزید کہا کہ مذکورہ جمنیزیم کے ریگولر معائنے کے لیے کمیٹی بھی تشکیل دی جا رہی ہے۔ ایسوسی ایشن کے وفد نے معاملات کو ترجیحاً حل کرنے اور سینیٹ انتخابات کے باوجود شرکت کرنے پر میاں محمود الرشید کا شکریہ ادا کیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں