ڈالر کی قیمت میں اضافہ کی مذمت ، بتایا جائے کہ آئی ایم ایف سے کن شرائط پر معاہدہ ہوا‘پرویز ملک

سوروز بعد بھی حکومت کے پاس ویژن ہے نہ روڈمیپ، ملکی مسائل کے حل کیلئے ہماری پالیسیاں اپنانا ہونگی‘خواجہ عمران

اتوار 2 دسمبر 2018 15:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 دسمبر2018ء) پاکستان مسلم لیگ ن لاہور کے صدر و رکن قومی اسمبلی محمد پرویز ملک، و جنرل سیکرٹری و رکن پنجاب اسمبلی خواجہ عمران نذیر، علی پرویز ملک اور ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات عامر خان نے کہا ہے کہ ڈالر کی قیمت میں تاریخی اضافہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) سے معاہدہ کرلیا ہے۔

عوام کو بتایا جائے کن شرائط پر یہ معاہدہ ہوا۔ اپنے ردعمل میں انہوں نے کہاکہ آئی ایم ایف اور اس کی شرائط کے بارے میں بھی قوم سے جھوٹ بولا گیا۔ ڈالر کی قیمت میں 10 روپے کا اضافہ ثبوت ہے کہ حکومت نے آئی ایم ایف کی شرائط مان لی ہیں۔ وزیرخزانہ نے سو دن کی تقریب میں گزشتہ روز جھوٹ بولا اور قوم کو دھوکہ دیا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم قوم کو تسلیاں دے رہے ہیں کہ گھبرانے کی ضرورت نہیں۔

قوم سے جھوٹ بولنے اور دھوکہ دہی پر عمران حکومت مستعفی ہو۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ارکان اسمبلی غزالی سلیم بٹ، چوہدری شہبازمیاں مرغوب احمد، سعدیہ تیمور،میاں مرغوب،چوہدری ،سمیرا امجد سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ 100 روز میں ایک بھی وعدہ پورا نہیں ہوا ایک کروڑ ملازمتیں کیسے دی جائیں گی اور 50 لاکھ گھر کیسے بنائے جائیں گے حکومت نے نہیں بتایا، عمران نیازی کا کہنا تھا کہ 90 دن میں ملک سے کرپشن ختم کردوں گا لیکن 100 دن میں خیبرپی کے میں احتساب کمشن کو رول بیک کر دیا گیا، 100 روز گزرنے کے بعد بھی حکومت کے پاس نہ ویژن ہے نہ روڈمیپ، ملکی مسائل کے حل کے لئے ہماری پالیسیاں اپنانا ہوں گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں