لاہورمیں غیر قانونی شکاریوں کیخلاف کارروائیاں جاری ،10ملزمان کو 74ہزارروپے جرمانہ

ملزمان کو را طوطے ، شارک کی غیر قانونی نیٹنگ، گھریلوچڑیاں اورسانڈے فروخت کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا

پیر 17 دسمبر 2018 15:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 دسمبر2018ء) ڈائریکٹر جنرل وائلڈلائف اینڈپارکس پنجاب ثناء اللہ کی ہدایت پرڈسٹرکٹ وائلڈلائف افسرتنویر احمد جنجوعہ کی سربراہی میں تشکیل دی گئی چھاپہ مار ٹیم نے لاہورکے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے را طوطے ،شارک کی غیر قانونی نیٹنگ گھریلو چڑیاں اور سانڈے فروخت کرنے کے جرم میں 10افراد کو حراست میں لیکر مجموعی طورپر 74ہزار روپے محکمانہ معاوضہ وصول کرلیا ۔

تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ وائلڈلائف لاہور تنویر احمدجنجوعہ کی سربراہی میں وائلڈلائف انسپکٹر عثمان مشتاق ،وائلڈلائف واچرز نوید اختر اورنوید اسحاق پر مشتمل چھاپہ مارٹیم نے لاہور کے بارڈرایریا کے علاقے ہیر پنڈ میں را طوطے کی نیٹنگ میں ملوث بشیراحمد ، مقصود الحسن اور اسد ریاض کو رنگے ہاتھوں گرفتارکرکے جال اور دیگر سامان شکار برآمد کرلیا ۔

(جاری ہے)

ملزمان کی درخواست پر ان سے 30ہزارروپے محکمانہ معاوضہ وصول کرکے خزانے میں جمع کرادیاگیا ہے ۔ایک دوسری کارروائی میں اسی چھاپہ مارٹیم نے رات گئے ٹھوکر نیاز بیگ پرناکہ لگا کے شارک کے 2غیر قانونی شکاریوں شہزاد اور فریاد احمد کو حراست میں لے کر ان سے 20ہزار روپے محکمانہ معاوضہ وصو ل کیا ۔ گھریلو چڑیوں اورسانڈے کی فروخت کی روک تھام کیلئے کارروائیوں میں مزید تیزی لاتے ہوئے چھاپہ مار ٹیم نے شہرکے مختلف علاقوں سے 5ملزمان مختار احمد ، محمدجنید ، سجاد علی ، ندیم پرویزاور محمد اکمل کورنگے ہاتھو ں گرفتارکرکے ان کے قبضے سے چڑیاں اور سانڈے برآمدکرلیے۔

بعدازاں ملزمان کی درخواست ان سے مجموعی طور پر24ہزار روپے محکمانہ معاوضہ وصول کرکے چڑیوں کو آزاد اور کیس کو نمٹا دیاگیا ۔ ڈائریکٹر جنرل وائلڈلائف ثناء اللہ نے چھاپہ مارٹیم کی کارکردگی کوسراہتے ہوئے انہیں اسی طرح تندہی سے اپنے فرائض انجام دینے اور غیر قانونی شکار اورنیٹنگ کیخلاف کارروائیاں جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں