میاں اسلم اقبال کے سندر انڈسٹریل اسٹیٹ کا دورہ، پیڈمک کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے اجلاس کی صدارت،

اہداف طے کئے گئے پیڈمک صنعتی ترقی کے عمل کو تیز کرنے کے لئے فیصلے کر کے آگے بڑھے۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو فروغ دیا جائے‘صوبائی وزیر صنعت خوشی ہے کہ سب سے متحرک اور فعال وزیر کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا،اہداف حاصل کریں گے‘چیئرمین پیڈمک شعیب زاہد

منگل 18 دسمبر 2018 20:33

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 دسمبر2018ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے سندر انڈسٹریل اسٹیٹ کا دورہ کیا اور وہاں پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹس ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کی۔ پیڈمک کے چیئرمین شعیب زاہد ملک نے اجلاس کو انڈسٹریل اسٹیٹ کے امور کے بارے میں بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندر انڈسٹریل اسٹیٹ میں شاندار کام دیکھ کر دلی خوشی ہوئی ہے اور اسی ماڈل کو اپنا کر دیگر شہروں میں انڈسٹریل اسٹیٹس بنائی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ پیڈمک کے بورڈکی تشکیل نو کی گئی ہے اور اس میں باصلاحیت اور محنتی افراد شامل کئے گئے ہیں اور مجھے امید ہے کہ بورڈ صنعتوں کے فروغ کے حوالے سے نئی تاریخ رقم کرے گا اور وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لئے صنعتی عمل کو مستحکم کرے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے صنعتی پالیسی کا اعلان کر دیا ہے جس کے تحت ہر سال 10فیصد انڈسٹریل گروتھ کا ہدف حاصل کیا جائے گا۔

جبکہ سالانہ 5لاکھ ہنرمند افرادی قوت تیار کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سالانہ 12لاکھ روزگار کے نئے مواقع پیدا کئے جائیں گے اور اس سلسلے میں پیڈمک کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم اپیرل پارک کے منصوبے کو بھی تیزی سے آگے بڑھانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیڈمک صنعتی ترقی کے عمل کو تیز کرنے کے لئے فیصلے کر کے آگے بڑھے۔

پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو فروغ دیا جائے اور صنعت کاری کے عمل میں سرخ فیتے کی رکاوٹوں کو حائل نہیں ہونے دیں گے اور اگر اس حوالے سے کوئی مسئلہ درپیش ہو تو براہ راست مجھ سے بات کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ 7انڈسٹریل یونٹس کو سپیشل اکنامک زونز ڈکلیئر کر دیا گیا ہے اور اس سے 4لاکھ روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ لاہور، سیالکوٹ موٹر وے پر اکنامک کوریڈور بھی بنائیں گے۔

صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ جو صنعتیں منظوری کے بغیر لگ گئی ہیں انہیں ریگولرائز کرنے کے لئے تجاویز دیں اور پیڈمک کو جو اہداف دیئے گئے ہیں ان کے حصول کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ پیڈمک کو فعال کردار ادا کرتے ہوئے سرمایہ کاروں کو اعتماد دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں صنعتی عمل کو مضبوط بنانے کے لئے باہمی تعاون کے ساتھ اچھے انداز سے آگے بڑھنا ہے اور انڈسٹریل اسٹیٹس میں صنعتیں لگانے کے عمل کو تیز کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صنعتکاروں کی مشاورت سے انسپکٹرلیس رجیم لائیں گے۔ اس حوالے سے پالیسی مرتب کر کے جلد کابینہ کی منظوری کے لئے پیش کر دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پانی کے اضافی بلوں کے حوالے سے صنعتکاروں کے مسئلے کے حل کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔ اجلاس میں پیڈمک کو صنعتکاری کو تیز کرنے کے حوالے سے مختلف اہداف بھی دیئے گئے۔ چیئرمین پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹس ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی شعیب زاہد ملک نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ پنجاب کے سب سے متحرک اور فعال وزیر میاں اسلم اقبال کے ساتھ کام کرنے کا موقع مل رہا ہے۔

ہمیں جو اہداف دیئے گئے ہیں ان کے حصول میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں اور بورڈ کے تمام ڈائریکٹرز کسی تنخواہ اور مراعات کے بغیر کام کر رہے ہیں اور ہم صوبے میں صنعتی عمل کو تیز کریں گے اور صنعتکاروں کو سہولتیں فراہم کریں گے۔ وزیراعظم کے ویژن کے مطابق روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ سابق چیئرمین پیڈمک ایس ایم تنویر نے سندرانڈسٹریل اسٹیٹ کی ترقی میں بے مثال کردار ادا کیا ہے اور ہم ان کے تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے آگے بڑھیں گے۔سیکرٹری صنعت ندیم الرحمن، سی ای او پیڈمک جاوید، سابق چیئرمین پیڈمک احسن تنویر اور صنعتکار بھی اجلاس میں موجود تھے۔ صنعتکاروں نے سندرانڈسٹریل اسٹیٹ میں درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں