جھگیوں میں مقیم بچوں کی تعلیم کیلئے کوشاں ڈور آف اویئرنیس کی سالانہ تقریب کا اہتمام

جھگی سکولوں کا جال پورے پاکستان میں پھیلاناچاہتے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ بچے تعلیم سے سرشار ہو سکیں، رُباہمایوں

بدھ 9 جنوری 2019 20:25

لاہور۔9 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جنوری2019ء) جھگیوں میں مقیم بچوں کی تعلیم کیلئے کوشاں ڈور آف اویئرنیس کی سالانہ تقریب کا اہتمام مقامی ہوٹل میں کیا گیا۔ جس کے مہمان خصوصی پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما ہمایوں اخترخان اور اخوت کے بانی ڈائریکٹر ڈاکٹر امجد ثاقب تھے۔تقریب کی صدارت ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈور آف اویئرنیس رُباہمایوں نے کی ۔

تقریب کے مہمانان میں فلمسٹار جگن کاظم ،سابق قومی کرکٹرزانضمام الحق ، مشتاق احمد ، کامیڈین وسیم شہزاد اور عروج آصف نے شرکت کی۔ رُباہمایوں نے سالانہ رپورٹ پیش کی اور کہا کہ سکول کے اساتذہ بچوں کی پڑھائی پر بہت محنت کر رہے ہیں ۔جس کے نتیجہ میں بچوں کے اندر تعلیم حاصل کرنے کا جذبہ بیدار ہوا ہے۔

(جاری ہے)

ہم جھگی سکولوں کا جال پورے پاکستان میں پھیلاناچاہتے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ بچے تعلیم سے سرشار ہو سکیں، اور انشاء اللہ وہ وقت دور نہیں جب یہ بچے بھی پاکستان کی ترقی میں خدمات سرانجام دیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ اس وقت لاہور کی23مختلف مقامات پر ڈور آف اویئرنیس کے جھگی سکولوں قائم ہو چکے ہیں۔ مقررین نے ڈور آف اویئرنیس کی تعلیم کے شعبہ میں خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈور آف اویئرنیس مشکل حالات میں بھی جھگیوں میں مقیم بچوں کی تعلیم کے فروغ کیلئے گزشتہ کئی سالوں سے مصروف عمل ہے۔ یہ ادارہ قوم کی ترقی اور خوشحالی میں بہترین کردار ادا کر رہا ہے۔ تقریب کے موقع پر ادارہ کی مختلف برانچز کے بچوں نے شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کیا۔مہمانوں نے بچوں کی حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ ادارہ کی محنت کی تعریف بھی کی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں