ْحکمران کشکول اٹھا کر پوری دنیا میں پاکستان کے عزت و وقار کو نیلام کر رہے ہیں ‘لیاقت بلوچ

لوٹی گئی قومی دولت کی واپسی کا کوئی روڈ میپ نہیں دیا گیا ، پی ٹی آئی کیساتھ بھی اسٹیبلشمنٹ کے وہی مہر ے ہیں جنہیں بار بار آزمایا گیا

ہفتہ 23 مارچ 2019 20:02

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2019ء) قائم مقام امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ حکمران کشکول اٹھا کر پوری دنیا میں پاکستان کے عزت و وقار کو نیلام کر رہے ہیں مگر لوٹی گئی قومی دولت کی واپسی کا کوئی روڈ میپ نہیں دے رہے ، پی ٹی آئی کے ساتھ بھی اسٹیبلشمنٹ کے وہی مہر ے ہیں جنہیں بار بار آزمایا گیا اور ہر بار قوم کی امنگوں کا خون ہوا ، عمران خان نے ہر پارٹی کے پیندے میں سوراخ کرنے والوں کو اپنے گرد جمع کر لیاہے اور اب پریشان ہیں کہ ان کے ساتھ ہو کیا رہاہے ، اپنے مزدوروں اور کسانوں پر اعتماد کر کے اور کرپشن کا راستہ روک کر پاکستان کو معاشی زبوں حالی سے نکالا جاسکتا ہے ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے منصورہ میں جاری نیشنل لیبر فیڈریشن اور ریلوے پریم یونین کے کارکنوں کی تربیت گاہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صدر این ایل ایف شمس الرحمن سواتی اور حافظ سلمان بٹ بھی موجود تھے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے بے پناہ قدرتی وسائل اور شاندار جغرافیائی محل و قوع سے نوازا ہے لیکن اقتدار پر قابض انگریز کے ذہنی غلاموں اور مٹھی بھر اشرافیہ نے پاکستان کے نظریاتی تشخص کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے ۔

سیکولر اور ماد ر پدر آزاد طبقہ پاکستان کو اس کے بنیادی نظریے سے محروم کرنے کی سازشیں کر رہاہے ۔ انہوںنے کہاکہ 23 مارچ کا دن ہمیں پاکستان کے تحفظ اور سا لمیت کے لیے اپنا سب کچھ قربان کرنے کا حوصلہ دیتاہے ۔ تاریخ انسانی کی ناقابل فراموش قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا ملک اسلام بے زار قوتوں کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑا جاسکتا ۔ انہوںنے کہاکہ آئین پاکستان ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کا تقاضا کرتاہے اور دستور میں قرآن وسنت کی بالادستی اور اللہ کی حاکمیت کو تسلیم کیا گیاہے ۔

انہوںنے کہاکہ اسٹیبلشمنٹ نے ہمیشہ اپنے ڈھب کے لوگوں کو اقتدار میں لانے کی کوشش کی اور ظالم جاگیردااروں اور وڈیروں نے قومی وسائل کو نہ صرف دونوں ہاتھوں سے لوٹا بلکہ اپنے اختیارات کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے ان وسائل کا غلط استعمال کیا جس سے ملک میں غربت ، مہنگائی اور بے روزگاری جیسے مسائل بڑھتے گئے ۔ انہوںنے کہاکہ مزدوراور کسان کسی بھی ملک کا بنیادی سرمایہ ہوتے ہیں لیکن اقتدار پر قابض جاگیرداروں وڈیروں اور سرمایہ داروں نے ہمیشہ کسانوں اور مزدوروں کا استحصال کیاہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں