پولیس کی کارروائی چند روز قبل اغوا ہونیوالے مغوی شاہد نصیر کوبازیاب کروا کر واردات میں ملوث 7 ملزمان کو گرفتار کر لیا

ملزمان کے قبضے سے وقوعہ میں استعمال ہونیوالی گاڑی، موٹر سائیکل، تاوان کی رقم ، لیپ ٹاپ،4پسٹل اور ایک رائفل برآمد

منگل 26 مارچ 2019 19:01

لاہو ر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2019ء) لاہور پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے چند روز قبل2کروڑ روپے تاوان کے لیے اغوا ہونیوالے مغوی شاہد نصیر کوبازیاب کروا کر واردات میں ملوث 7 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے ، ملزمان سے وقوعہ میں استعمال ہونیوالی گاڑی، موٹر سائیکل، تاوان کی رقم 25لاکھ روپے، لیپ ٹاپ،4پسٹل اور ایک رائفل برآمد کرنے سمیت زمین کے جعلی کاغذات بنا کر 25لاکھ میں فروخت کرنے والے ملزم کو گرفتار کر کے مدعی مقدمہ کو اس کی رقم واپس دلوا دی گئی۔

اِن خیالات کا اظہار ایس پی انویسٹی گیشن صدر راشد ہدایت نے اپنے دفتر میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کر تے ہوئے کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ انویسٹی گیشن پولیس نے چند روز قبل2کروڑ روپے تاوان کے لیے اغوا ہونیوالے مغوی شاہد نصیر کوبازیاب کروا لیا ہے۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے بتایا کہ مغوی شاہد نصیر جو کہ آئی ٹی کا کام اپنے گھر جوہر ٹائون میںہی کرتا تھا کو چند روز قبل ملزمان نے اس کے گھر سے اغوا کر لیاتھا ۔

جس کی بحفاظت بازیابی کسی چیلنج سے کم نہ تھی۔ ایس پی انویسٹی گیشن صدر نے کہا کہ ملزمان کی فوری گرفتاری کے لیے مختلف تھانوں کے انچارجز کی سربراہی میں پولیس ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔انچارج انویسٹی گیشن رائیونڈ سٹی انسپکٹر افتخار رسول باجوہ کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے سی سی ٹی وی فوٹیج اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے واردات میں ملوث 7 ملزمان فیصل یوسف، کانسٹیبل محمد عارف، کانسٹیبل مظہر عباس، ندیم احمد عرف دینا، جنید، شیخ عبدالرئوف اور محمد طاہر کو گرفتار کر لیا ہے۔

ملزمان نے مغوی شاہد نصیر کے ملازم سانول کو بھی منہ بند کر کے غسل خانہ میں بند کردیا تھا اور لیب ٹاپ اور فون ساتھ لے گئے تھے۔ملزمان کو تاوان کے 25لاکھ روپے ڈیجیٹل کرنسی میں ادا کیاکیے گئے جو پاکستان کی تاریخ کا پہلا اور دنیا کی تاریخ کا تیسرا واقعہ ہے۔اُنہوں نے کہا کہ یہ امر قابل ذکر ہے کہ واردات کامرکزی ملزم فیصل یوسف مغوی شاہد نصیر کاآئی ٹی کا شاگرد رہ چکا ہے جس نے اغواء کا پلان ترتیب دے کر دیگر ملزمان کو واردات میں شامل کیا۔

ملزمان سے وقوعہ میں استعمال ہونیوالی گاڑی، موٹر سائیکل، تاوان کی رقم 25لاکھ روپے، لیپ ٹاپ،4پسٹل اور ایک رائفل برآمد کر لی گئی ہے۔ ایس پی انویسٹی گیشن صدر نے مزید بتایا کہ رائیونڈ سٹی انویسٹی گیشن پولیس نے ہی زمین کے جعلی کاغذات بنا کر اسے 25لاکھ روپے میں فروخت کرنے والے ملزم محمد احمد کو گرفتار کیا اور رقم برآمد کر کے مدعی مقدمہ مختار احمد کے حوالے کر دی ہے۔ ایس پی صدر انویسٹی گیشن راشد ہدایت نے مغوی کو بحفاظت بازیاب کروانے اور جعل سازی کرنے والے ملزمان کی فوری گرفتاری پر پولیس ٹیموں کے لیے تعریفی اسناد کا اعلان بھی کیا ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں