لاہور،پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں رمضان المبارک کے پیش نظر ضلعی امن کمیٹی کا اہم اجلاس

مذہبی ہم آہنگی، رواداری و بھائی چارے کے قیام کیلئے تمام علماء کرام کلیدی کردار ادا کریں، ایس ایس پی آپریشنز

پیر 22 اپریل 2019 22:53

لاہور۔22 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2019ء) ایس ایس پی آپریشنز لاہور کیپٹن(ر) مستنصر فیروز نے کہا ہے کہ لاہور کو امن و آشتی کا گہوارہ اور آنے والی نسلوں کیلئے محفوظ بنانے میںتمام مسالک سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام کا اہم کردار ہے۔انہوں نے یہ بات پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں رمضان المبارک کی آمد کے پیشِ نظر ضلعی امن کمیٹی کے اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

ایس پی سکیورٹی فیصل شہزاد، ایس پی ہیڈ کوارٹرز سید کرار حسین، مفتی انتخاب احمد، صاحبزارہ بابر فاروق رحیمی،آغا شاہ حسین قزلباش،علامہ مشتاق حسین جعفری، پاسٹر ڈاکٹر مجید ایبل، مولانا فصیح الدین، مصطفٰے چشتی، ڈاکٹر منوہر چاند، بھگت لال سمیت مختلف مکاتبِ فکر کے نمائندہ علماء، تاجر تنظیموں کے نمائندوں اور معززین شہر نے اجلاس میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی آپریشنز لاہور کیپٹن (ر) مستنصر فیروز نے کہا کہ رمضان المبارک کی آمد کے موقع پر مذہبی ہم آہنگی، رواداری اور بھائی چارے کے قیام کیلئے تمام مسالک سے تعلق رکھنے والے علماء کرام کلیدی کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہر قسم کے ذاتی، گروہی، مذہبی اور سیاسی اختلافات پسِ پشت ڈال کر ملکی سلامتی کیلئے ہمیں متحد ہوکر دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانا ہوگا۔

ایس پی سکیورٹی لاہور فیصل شہزاد نے کہا کہ ہر قسم کے ناگہانی حالات اور ہنگامی صورتحال سمیت عام حالات میں بھی ان کے دروازے ہمیشہ علمائے کرام کی رہنمائی اور سہولت کیلئے کھلے ہیں۔ فیصل شہزاد نے کہا کہ امن کمیٹی کے ارکان اور دیگر سٹیک ہولڈر اداروں کے درمیان مربوط اور موثر روابط کے قیام کے ذریعے ہی شہر میں مستقل امن کاقیام ممکن ہے۔ انہوں نے امن کمیٹی کے پلیٹ فارم کو مزید فعال اور موثر بنانے کیلئے کمیٹی اراکین کی ٹھوس تجاویز کا خیر مقدم کیا۔ امن و امان کے قیام اور علاقائی سطح پر فول پروف سکیورٹی سمیت مختلف معاملات پر مشاورت کیلئے امن کمیٹی کا اجلاس باقاعدگی سے بلانے کی تجاویز پر بھی غور کیا گیا ۔ مفتی انتخاب احمد نے آخر میں ملکی سلامتی کیلئے دعائیں کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں