دنیا کی کوئی طاقت پاکستان اور کشمیر کو ایک دوسرے سے جدا نہیں کر سکتی ،قوم نے یوم آزادی پر پاکستان کیساتھ کشمیرکاپرچم لہرا کر کشمیریوں سے اپنی دیرینہ وابستگی ظاہر کر دی،گورنر پنجاب کی کال پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی میں عوام بھرپور شرکت کرینگے ‘ جمشید اقبال چیمہ،مسرت جمشیدچیمہ

منگل 13 اگست 2019 18:25

لاہور۔12 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2019ء) پاکستانی حکومت نے کشمیرکے مسئلے کو پوری دنیا میں اجاگر کیا ہے او ریہ اقدام کشمیریوں کی لازوال جدوجہد سے دیرینہ وابستگی کو ظاہر کرتا ہے ، پاکستانی قوم نے یوم آزادی کے موقع پر پاکستان کیساتھ کشمیرکے پرچم لہرا کر ثابت کر دیاہے کہ دنیا کی کوئی طاقت پاکستان اور کشمیر کو ایک دوسرے سے جدا نہیں کر سکتی ، بھارت کشمیر پر غاصبانہ قبضے کے درپے ہے لیکن اس یہ کوششیں کامیاب نہیں ہونے دی جائیں گی۔

ان خیالات کااظہار پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے حلقہ این اے 127کے مرکز ی دفترمیں پارٹی دفتر میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ جمشید اقبال چیمہ نے عید کا دوسرا روز حلقے میں گزارا اور مقامی رہنمائوں، کارکنوں اور عوام سے عیدملے اور ان سے حلقے کے مسائل کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم امسال اپنا یوم آزادی اس وقت منا رہی ہے جب بھارت کی جانب سے کشمیریوں پر مظالم کے پہاڑتوڑے جارہے ہیں ۔

اسی لئے پاکستانی قوم اپنے یوم آزادی کے دن کو کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے طو رپر منارہی ہے اور ہم بھارت کو بتا دیں گے کہ ہمارا کشمیریوں سے کیا رشتہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی بھرپور کوششوں کی وجہ سے آج پوری دنیا بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف آواز اٹھارہی ہے اور انشا اللہ وہ دن دور نہیں جب کشمیریوں کو ان کا حق خود اردیت ملے گا ۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی اقدام کے خلاف آواز اٹھانا دنیا کی اخلاقی ذمہ داری ہے اور پاکستانی قوم کشمیریوں کیلئے آواز اٹھانے والے ممالک خصوصاً چین کی بیحد شکر گزار ہے ۔

علاوہ ازیں پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی چیئر پرسن مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کی جانب سے دی گئی کال پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی میں عوام بھرپور شرکت کریں گے ۔ کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کشمیر کاز کے لئے آکسیجن کی حیثیت رکھتی ہے۔گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور جس طرح کشمیرکے مسئلے کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنے کے لئے کردار ادا کر رہے ہیں وہ قابل ستائش ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ معاہدوں کی پاسداری کی ہے لیکن بھارت نے اپنی طاقت کے زعم میں ان معاہدوں کو توڑا ہے ۔ پاکستان پر امن ملک ہے لیکن ہماری امن کی خواہش کو ہرگز کمزوری نہ سمجھا جائے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں