لاہور جنرل ہسپتال سے ڈاکٹروں کی چوتھی ٹیم ڈینگی کے مریضوں کیلئے راولپنڈی روانہ ہو گئی

مریضوں کو مشن سمجھ کر طبی سہولتیں بہم پہنچائی جائیں،ڈاکٹروں و نرسز کیلئے خصوصی سرٹیفکیٹ دینے کا اعلان

پیر 14 اکتوبر 2019 17:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اکتوبر2019ء) جنرل ہسپتال سے راولپنڈی میں ڈینگی کے مریضوں کو طبی خدمات فراہم کرنے کیلئے ڈاکٹروں کی چوتھی ٹیم روانہ ہو گئی ،15ڈاکٹروں پر مشتمل اس گروپ کو پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے الوداع کرتے ہوئے اُن کی کامیابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور اعلان کیا کہ راولپنڈی میں ڈینگی کے مریضوں کے لئے کام کرنے والے ڈاکٹروں ،نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف کو خصوصی سرٹیفکیٹ سے نوازا جائے گا تاکہ اُن کی خدمات کا اعتراف کیا جا سکے ۔

پروفیسر الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کے احکامات کی روشنی میں راولپنڈی میں ڈینگی کے آخری مریض کے صحت یاب ہونے تک ڈاکٹروں اور نرسوں کو بھیجا جاتا رہے گا تاکہ وہ مشکل کی اس گھڑی میں اپنے بھائیوں کے کام آ سکیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے ڈاکٹروں سے بھی کہا کہ و ہ راولپنڈی کے ڈینگی کے مریضوں کی صحت یابی کو قومی مشن سمجھ کر طبی سہولتیں بہم پہنچائیں اور اُن کے علاج معالجے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں ۔

پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ ڈاکٹروں کے اس چوتھے گروپ کے بعد مزید ضرورت پڑی تو ڈاکٹروں اور نرسوں کو راولپنڈی ضرور بھیجیں گے ۔انہوں نے ڈاکٹربرادری کے جذبے کو سراہا اور اُن کی طرف سے راولپنڈی روانگی کے اقدام کی تعریف کی۔اس موقع پر راولپنڈی روانہ ہونے والے ڈاکٹرز نے گفتگو کرتے ہوئے یقین دلایا کہ وہ ڈینگی میں مبتلا مریضوں کی دیکھ بھال میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے اور مشکل کی اس گھڑی میں اپنے بھائیوں کا بھرپور ساتھ دیں گے ۔ انہوں نے پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر کی جانب سے فراہم کردہ تعاون کو سراہا اور انہیں اپنی طرف سے بھرپور کارکردگی کا یقین دلایا۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں