تحریک منہاج القرآن کا یوم تاسیس پاکستان سمیت یورپ،امریکہ،برطانیہ میں منایا گیا

جمعرات 17 اکتوبر 2019 22:51

لاہور۔17 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2019ء) قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے منہاج القرآن کے 39ویں یوم تاسیس پر پاکستان سمیت دنیا بھر کے کارکنان ،ذمہ داران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام کو دہشتگردی سے جوڑنے کے مذموم ایجنڈے کو شکست ہوئی ،تحریک منہاج القرآن نے دہشت گردی کو اسلام سے جوڑنے کے جھوٹے اورتعصب پر مبنی پراپیگنڈے کو قرآن و سنت کی تعلیمات کی روشنی میں رد کیا، تحریک منہاج القرآن نے پوری دنیا کے مسلم اور غیر مسلم معاشروں کو بتایا کہ اسلام دہشت گردی نہیں انسانیت کے احترام و بقاء کی ضمانت دیتا ہے، تحریک منہاج القرآن دین مصطفوی پر ہونے والے خارجی حملوں کا ڈٹ کر مقابلہ کررہی ہے، نوجوانوں کو علم، امن اور عمل کے راستے پر ڈالنے کے لیے برسرپیکار ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہارانہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقدہ یوم تاسیس کی مرکزی تقریب سے کینیڈا سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کیا۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن نے اسلاف کے علمی ، روحانی کردار اور اقدار کا احیاء کیا ہے۔ تحریک کی عالمگیر اصلاحی ،تجدیدی کاوشوں سے دنیا بھر کے مسلم نوجوان خدمت دین کی طرف راغب ہوئے۔

آج سے 39 سال قبل خدمت دین اور خدمت انسانیت کے جن مقاصد کیلئے تحریک منہاج القرآن کی بنیاد رکھی گئی تھی۔ اللہ تعالیٰ نے ان تمام مقاصد کے حصول میں بے مثال کامیابی و کامرانی سے نوازا۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ اللہ تعالیٰ منہاج القرآن کے پلیٹ فارم سے انجام دی جانیوالی کارکنان کی خدمات کو شرف قبولیت سے نوازے،اجر عظیم عطا فرمائے۔

انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن کی39 سالہ جدوجہد کے ذریعے امت مسلمہ کو عدل ،اعتدال،عقیدے کی اصلاح،وسعت قلب و نظر اور اسلام کے مزاج کے ساتھ طبیعتوں کا ہم آہنگ ہونا ملا۔ دریں اثناء تحریک منہاج القرآن کا 39واں یوم تاسیس پاکستان سمیت دنیا کے 100سے زائد ممالک میں جوش و خروش سے منایا گیا، شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی چاردہائیوں پر مشتمل انتھک جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے دنیا کے 6براعظموں میں سیمینارز اور تاسیسی تقاریب کا انعقاد کیا گیا جن میں ہر جگہ وابستگان نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور تجدید عہد کیا، ان تقاریب میں قائد منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی صحت اور درازی عمر کی دعائیں کی گئیں ، کیک کاٹے گئے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں