کتب بینی ذہنوں کے بند دریچے کھولتی ہے : صدر منہاج یوتھ لیگ

کتب بینی کے لیے لوگوں کی کتب تک رسائی کو آسان بنانا ہو گا : مظہر محمود علوی

جمعہ 22 نومبر 2019 21:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 نومبر2019ء) منہاج یوتھ لیگ کے 31ویں یوم تاسیس پر کتاب دوستی کے کلچر کو فروغ دینے کے لیے ملک کے تمام بڑے شہروں میں ’’ ہے زندگی کتاب دوستی‘‘ کے عنوان سے یوتھ سیمینار اور کانفرنسز منعقد کی جائیں گی، 30 نومبر کو اسلام آباد شاہ لطیف بھٹائی آڈیٹوریم میں مرکزی تقریب منعقد ہو گی، 8دسمبر کو اٹک، 12دسمبر کو لاہور، 24نومبر کو رحیم یارخان، ملتان، سکھر، کوئٹہ، پشاور ،مظفر آباد سمیت ملک کے تمام بڑے شہروں میں تقریبات منعقد کی جائیں گی، ناظم اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل خرم نواز گنڈاپور، مرکزی صدر یوتھ لیگ مظہر محمود علوی، اہم سیاسی، سماجی ،مذہبی رہنماء ،وفاقی، صوبائی وزراء سمیت نوجوان بڑی تعداد میں تقریبات میں شرکت کریں گے، ان خیالات کا اظہار مرکزی صدر منہاج یوتھ لیگ مظہر محمود علوی نے ماڈل ٹائون میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اجلاس میں یوم تاسیس کی تقریبات کے شیڈول کو حتمی شکل دی گئی، اجلاس میں اہم رہنمائوں سے رابطوں کے لیے دعوتی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کتب بینی کو فروغ دینے کے لیے منہاج یوتھ لیگ اہل علم ،حکومت اور عوام سے اپیل کرے گی کہ ہر تحصیل اور ضلع میں بزم کتاب کے نام سے تنظیم قائم کی جائے۔

(جاری ہے)

حکومت اور عوام کو لائبریریوں ،کتب خانوں پر توجہ دینے کی اپیل کی جائے گی، منہاج یوتھ لیگ یونین کونسل سطح تک پبلک لائبریریوں کے قیام کیلئے جدوجہد کرے گی، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مظہر علوی نے مزید کہا کہ منہاج یوتھ لیگ ہر ماہ کتاب دوستی کے نام سے ملک کے مختلف شہروں میں تقریب منعقد کرے گی، تقریب سے مطالعہ کتب کا شوق بڑھے گا ، انہوں نے کہا کہ کتب بینی ذہن کو تازگی، روح کو بالیدگی اور خیالات کو تازگی بخشتی ہے،قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ہزاروں موضوعات پر جدید تحقیق اور عصری تقاضوں کے مطابق سینکڑوں کتب لکھ کر آنے والی صدیوں کے نوجوانوں کے لیے علمی ورثے کو محفوظ کر دیا ہے، منہاج القرآن یوتھ لیگ کوشاں ہے کہ نئی نسل کتاب دوستی کی طرف راغب ہو، کتب بینی کے لیے لوگوں کی کتب تک رسائی کو بھی آسان بنانا ہو گا، کتب بینی ذہنوں کے دریچے کھولتی ہے ،کتب خانے قوم کی شان کے مظہر ہوتے ہیں ۔

ہمیں کتب خانے آباد کرنے ہیں تاکہ تہذیب کو استحکام ملے۔ اجلاس میں سیکرٹری جنرل منصور قاسم اعوان، انعام مصطفوی، محسن مصطفوی، محسن شہزاد، محمد ذیشان، حاجی فرخ و دیگر رہنما شریک تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں