نیشنل کالج آف آرٹس میں ماسٹر آف ویژول آرٹ ڈگری شوکا آغاز

منگل 10 دسمبر 2019 00:15

لاہور۔9 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2019ء) نیشنل کالج آف آرٹس کے شعبہ ماسٹر آف ویژول آرٹ کی18ویں ڈگری شوکی افتتاحی تقریب منعقد کی گئی۔ ڈگری شو کا افتتاح مہمان خصوصی منسٹر ہائر ایجوکیشن یاسر ہمایوں نے کیا اس موقع پر ا نہوں نے کہاکہ نیشنل کالج آف آرٹس کی آرٹ کے شعبے میں پاکستان کیلئے بے شمار خدمات ہیں۔ اس تاریخی ادارے نے بہت سے نامور آرٹسٹ پیدا کئے ہیں۔

آج کا شو دیکھ کر خوشی ہوئی ہے کہ ہمارے طلبا و طالبات تخلیقی صلاحیتوں میں کسی سے پیچھے نہیں ہیں۔ ماسٹر آف ویژول آرٹ کا ڈگری شو 9دسمبر سے 15دسمبر تک جاری رہیگا۔ اس شو کو فنون لطیفہ سے دلچسپی رکھنے والے افراد کے ساتھ ساتھ عام شائقین کی بڑی تعداد دیکھنے کے لئے آتی ہے۔ اس آرٹ ورک کو ڈگری شو کا نام اس لئے دیا جاتا ہے کہ طلبہ و طالبات کے اس آرٹ ورک کوجیوری کے لئے پیش کیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

جس میں کالج فیکلٹی اور دیگر معروف اداروں کے اساتذہ کی جانب سے طلبہ و طالبات کے تھیسز ورک کا تنقیدی جائزہ لیا جاتا ہے۔ اس سال ماسٹر آف ویژول آرٹ کے ڈگری شو میں 9طالب علموںکے فن پارے نمائش کے لئے پیش کیے گئے ہیں۔ ڈگری شو کے اس بیچ میں محمد سلیمان، احسان میمن، احمد خان ، نزاکت علی دیپر، منیب علی، ماہین نیازی، نائیلہ حسین ، ماہ زیب بلوچ اور محمد برکات مظہر کے فن پارے نمائش کے لئے رکھے گئے ہیں۔

ماسٹر آف ویژول آرٹ ڈگری شوکے حوالے سے پرنسپل نیشنل کالج آف آرٹس پروفیسر ڈاکٹر مرتضیٰ جعفری جو ماسٹر آف ویژول آرٹ پروگرام کے ڈائریکٹر بھی ہیں کا کہنا ہے کہ ماسٹر آف ویژول آرٹ ڈگری شو ایک منفرد ڈگری شو ہے۔ جس میں پوسٹ گریجویٹ کے طلبا و طالبات کی بھرپور تخلیقی صلاحیتیں دیکھنے کو ملتی ہیںاور اس میں طالب علم ہر میڈیم کا استعمال کرتے ہیں۔ جو دلچسپی اورآرٹ کے جدید پہلوئوں سے بھرپور ہوتا ہے۔ اس موقع پر پرنسپل این سی اے نے معزز مہمانوں کا ڈگری شو میں آمد پر شکریہ بھی ادا کیا۔ ماسٹر آف ویژول آرٹ ڈگر ی شو2019میں این سی اے ایلومنائز ، کالج فیکلٹی اور آرٹ کے شائقین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں