ًڈی آئی جی آپریشنزکی زیر صدارت انسدادِ کرائم، آپریشنل وسکیورٹی سٹریٹیجی جائزہ اجلاس

ناقص کارکردگی پر تھانہ گجر پورہ اور چوہنگ کے ایس ایچ اوز معطل،آٹھ تھانوں کے ایس ایچ اوزکو کارکردگی بہتر کرنے کی حتمی وارننگ

جمعہ 28 فروری 2020 20:38

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 فروری2020ء) ڈی آئی جی آپریشنز لاہور رائے بابر سعید کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں انسداد کرائم،آپریشنل و سکیورٹی سٹرٹیجی بارے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ایس ایس پی آپریشنز لاہورمحمد نوید،ڈویژنل ایس پیز، ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس کے دوران لاہور شہر کی بڑھتی آبادی اور کرائم حجم کے مطابق مختلف مقامات پر نئے تھانے بنانے کی تجاویز زیر غور آئیں۔

کرائم کنٹرول اہداف کے حوالے سے مختلف سرکل افسران اور ایس ایچ اوز کی مجموعی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا۔ڈی آئی جی آپریشنز رائے بابر سعید نے مسلسل ناقص کارکردگی پر تھانہ گجر پورہ اور چوہنگ کے ایس ایچ اوز کے معطلی کے احکامات دیئے جبکہ آٹھ تھانوں کے ایس ایچ اوز کو کارکردگی بہتر بنانے کے لئے حتمی وارننگ بھی دی گئی۔

(جاری ہے)

رائے بابر سعید نے کہا کہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران و جوانوں کی حوصلہ افزائی جبکہ ناقص کارکردگی پر سخت بازپرس ہو گی۔

ڈ ی آئی جی آپریشنز نے گینگ پکڑنے اورکرائم کنٹرول کے حوالے سے اچھی کارکردگی پر ایس ایچ او تھانہ ہنجر وال کیلئے تعریفی سند اورانعام دینے کااعلان کیا۔ڈی آئی جی آپریشنز لاہوررائے بابر سعید نے کہا کہ ایس پیز اور متعلقہ افسران باقاعدگی سے فیلڈ میں موثر پٹرولنگ یقینی بنائیں۔سنگین جرائم کی سرکوبی کیلئے انسدادی حکمت عملی کومزید موثر بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ شہر میں ہونے والے سرچ آپریشنز، پٹرولنگ اور سنیپ چیکنگ کے دوران ڈولفن سکواڈ، پی آر یو اور تھانوں کی ٹیمیں مشترکہ لائحہ عمل اپنائیں۔رائے بابر سعید نے کہا کہ ہوائی فائرنگ، ون ویلنگ اور پتنگ بازی پر زیرو ٹالیرنس اپنائیں۔ تمام ڈویژنل ایس پیز اشتہاری و عادی مجرمان اور گینگز کی گرفتاری کے اہداف پر خصوصی توجہ اور ان کے لئے ٹیمیں تشکیل دیں۔

موٹر سائیکل چوری اوررابری کی وارداتوں کو جدیدٹیکنالوجی اور مربوط لائحہ عمل سے کنٹرول کریں۔ڈی آئی جی آپریشنزنے کہا کہ پی ایم ڈی یو، 8787 اور کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم پر کوئی ریفرنس زیرالتواء نہ رہنے دیا جائے۔ پولیس افسران کی کارکردگی کا ہفتہ وار اور ماہانہ بنیادوں پر جائزہ لیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ منشیات کا دھندہ کرنے والے عناصر کے خلاف جاری کریک ڈاون مزید تیز کیا جائے۔تھانوں کی باقاعدگی سے انسپکشن کریں،تمام نصب کیمرے فنکشنل اور ریکارڈنگ محفوظ بنائیں۔رائے بابر سعید نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ سائلین کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنے کیلئے تھانوں کے عملے کی باقاعدگی سے بریفنگ کریں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں