فیلڈ میں کام کرنے والے صحافیوں میں کرونا وائرس سے بچائو کے لئے خصوصی لباس کی تقسیم کی تقریب

جمعہ 3 اپریل 2020 23:24

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 اپریل2020ء) لاہور پریس کلب میں فیلڈمیں کام کرنے والے صحافیوں کوکروناوائرس کی وباء سے بچائو کے لئے خصوصی لباس تقسیم کرنے کی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ سابق مشیر صحت پنجاب ڈاکٹر سعید الہی ، صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری ، نائب صدر قذافی بٹ اور ممبرگورننگ باڈی عمران شیخ نے خصوصی لباس کی کٹس صحافیوں میں تقسیم کیں۔

تقریب میں صحافیوں،ڈاکٹرزاور پیرامیڈیکل سٹاف نے شرکت کی۔اس موقع پر صدر ارشد انصاری نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ صحافی ملک میںدرپیش مسائل کو اجاگر کرنے میں ہمیشہ ہراول دستہ کا کردار اداکرتے ہیں جو حکام اور عوام کو درپیش مسائل سے آگاہ کرتے ہیں جس کی بنیاد پر حکومت ایسے لائحہ عمل مرتب کرتی ہے جس سے عوام کو مسائل سے چھٹکارے کے لئے انتظامات کئے جاتے ہیں لیکن انتہائی افسوس ہے کہ صحافیوں کو مسائل اجاگر کرنے میں کوئی سہولت نہیں دی جاتی اور آج جب کہ دنیابھرمیں کروناوائرس سے ڈرکر لوگ گھروں میں مقید ہوگئے ہیں صحافی بغیرحفاظتی سازوسامان کے اپنی مدد آپ کے تحت پیشہ وارانہ خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انھوںنے مزید کہاکہ جس طرح ڈاکٹرسعید الہی نے صحافیوں کے مسائل کو سمجھتے ہوئے حفاظتی لباس کی کٹس مہیاکی ہیں ہم اس کے لئے ان کے مشکورہیں اور امیدکرتے ہیں کہ حکومت اور دیگر ادارے بھی صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل میں اپناکردار ادا کرتے ہوئے حفاظتی سامان مہیا کریں گے اور اس سلسلہ میں ہم حکومت سمیت تمام متعلقہ اداروں سے رابطے میںہیں اور جلد حفاظتی لباس کٹس سمیت دیگر حفاظتی سامان بھی کلب میں صحافیوں کو دیاجائے گا۔

ڈاکٹرسعید الہی نے تقریب میں گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ وہ صحافیوں کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں اور انھیں فرنٹ لائن سولجرمانتے ہیں جو اپنی جانیں ہتھیلی پر رکھ کر ملک وقو م کی خدمت میں سرگرم ہیں،میں حکومت سے کہناچاہتاہوں کہ وہ اس نازک صورتحال میں تمام سیاسی عداوتوںکو بالائے طاق رکھ کر کروناوائس سے بچائو کے لئے عملی اقدامات بروئے کارلاکر عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولتیںپہنچائیں خصوصا صحافیوں کو حفاظتی ملبوسات اور دیگر سامان مہیا کریں۔

ڈاکٹرسعید الہی نے مزید حفاظتی کٹس مہیا کرنے کا اعلان کرتے ہوئے مشورہ دیاکہ تمام صحافی ادارے حکومت کو حفاظتی سامان کی فراہمی کے لئے مشترکہ طورپر مراسلہ لکھیں۔ ان کی اس تجویز سے صدر ارشد انصاری سمیت تمام نے اتفاق کیا۔ صدر ارشد انصاری نے حفاظتی لباس کی فراہمی کے لئے سابق سیکرٹری لاہور پریس کلب افضال طالب کی کاوش پر انھیں خوب سراہا۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں