اچھی صحت اور خوشگوار ماحول کیلئے کچن گارڈننگ وقت کی اہم ضرورت ہے ‘جہانیاں گردیزی

چائے کی استعمال شدہ پتی کوکچن گارڈننگ میں کھادکے طور پر بھی استعمال کیاجاسکتاہے‘ صوبائی وزیر زراعت

بدھ 27 اکتوبر 2021 22:54

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اکتوبر2021ء) صوبائی وزیر زراعت حسین جہانیا ں گردیزی نے کہا ہے کہ اچھی صحت اور صاف ستھرے ماحول کیلئے کچن گارڈننگ وقت کی اہم ضرورت ہے،کم بجٹ میں صحت بخش سبزیوں کے حصول کے لئے کچن گارڈننگ سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کے لئے طلبائوطالبات اپنا کردار ادا کریں ۔ وہ پنجاب یونیورسٹی فیکلٹی آف ایگریکلچرل سائنسز میں کچن گارڈننگ پر منعقدہ آگاہی سیمینارسے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر ڈین فیکلٹی آف ایگریکلچرل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم حیدر،ڈاکٹر متین سرور، ڈاکٹر طارق ، سی ای او گرین سرکل پاکستان ساجد اقبال ،فیکلٹی ممبران اور طلبائو طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ اپنے خطاب میں حسین جہانیاں گردیزی نے کہا کہ ماضی میں شعبہ زراعت پر خاص توجہ نہیں دی گئی اورکسانوں کو مشکلات کا سامنا رہا ۔

(جاری ہے)

موجودہ حکومت کے اقدامات سے کسانوں کی معاشی حالت میں بہتری آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈی اے پی کی قیمت کا تعین بین الاقوامی مارکیٹ کے مطابق طے ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرشنگ سیزن اپنے وقت پر شروع ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ چائے کی استعمال شدہ پتی کوکچن گارڈننگ میں کھادکے طور پر بھی استعمال کیاجاسکتاہے۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم حیدر نے کہا کہ تازہ سبزیوں کے حصول کیلئے کچن گارڈننگ ایک سادہ اور آسان طریقہ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ شہری علاقوں میں اکثرمقامات پر گندے پانی کی وجہ سے تازہ سبزیاں حاصل کرنا دشوار ہوتا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کی بین الاقوامی رینکنگ میں بہتری کیلئے فیکلٹی آف ایگریکلچرل سائنسز اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ اس موقع پرطلبائو طالبات نے کچن گارڈننگ سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کیلئے سٹالز بھی لگائے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں