(ن) ،پی پی کرپشن، لوٹ مار ، دھاندلی کے کاروبار کی دہائیوں سے پارٹنر ہیں ‘ مسرت جمشید چیمہ

بلدیاتی انتخابات میں کامیابی کیلئے رہنما ،کارکنان اپنا بھرپور کردار ادا کریں ‘ چیئر پرسن قائمہ کمیٹی داخلہ

منگل 30 نومبر 2021 11:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 نومبر2021ء) پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی چیئر پرسن مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) او رپیپلز پارٹی کرپشن، لوٹ مار اور دھاندلی کے کاروبار کی دہائیوں سے پارٹنر ہیں ، ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت تحریک انصاف کو تکنیکی غلطی کی بنیاد پر انتخابی دوڑ سے باہر کرنے اور(ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کی جانب سے خرید و فروخت کی منڈی لگانے کے بعد این اے 133کے ضمنی انتخاب پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے ،بلدیاتی انتخابات میں کامیابی کے لئے کارکنان اپنا بھرپور کردار ادا کریں ۔

ان خیالات کا اظہارنہوں نے این اے 133کی مختلف یونین کونسلوں میں پارٹی رہنمائوں،اکابرین اور کارکنوں کے اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)اور پیپلز پارٹی نے اپنے ادوار میں کرپشن کے بیج کی آبیاری اور مافیاز کو تقویت دی اور یہی وجہ ہے کہ آج جہاں ہاتھ ڈالیں وہاں سے مافیاز نکلتے ہیں ۔ وزیر اعظم عمران خان بے پناہ چیلنجز کے باوجود مافیاز کے سامنے ڈٹ کر کھڑے ہیں اور اسی وجہ کی وجہ سے مافیاز کی گرفت کمزور ہو رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انشا اللہ تحریک انصاف کی حکومت نہ صرف اپنی آئینی مدت پوری کرے گی بلکہ آئندہ عام انتخابات میں زیادہ اکثریت سے دوبارہ حکومت بنائیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں