43 لاکھ معذور افراد ریاست پاکستان کی توجہ کے منتظر ہیں : ذکر اللہ مجاہد

پاکستان میں معذوری کا شکار لاکھوں افراد بنیادی حقوق سے محروم کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں معذوروں کا عالمی دن منانیکا مقصد معذور افراد کے مسائل کو سمجھنا اور ان کے حل کیلئے جدوجہد کرنا ہے

جمعہ 3 دسمبر 2021 22:18

ِلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 دسمبر2021ء) سرپر ست اعلیٰ الخدمت فاؤنڈیشن و امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہدنے کہا ہے کہ 43 لاکھ معذور افراد ریاست پاکستان کی توجہ کے منتظر ہیں۔ ریاست کی توجہ کے بغیر معذوروں کے مسائل حل نہیں ہوسکتے۔ پاکستان میں معذوری کا شکار لاکھوں افراد بنیادی حقوق سے محروم کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

معذوروں کا عالمی دن منانے کا مقصد معذور افراد کے مسائل کو سمجھنا اور ان کے حل کیلئے جدوجہد کرنا ہے۔ الخدمت فاؤنڈیشن سماجی خدمات پروگرام کے تحت ہر سال ہزاروں مستحق معذور افراد میں ویل چیئرز تقسیم کرتی ہے اور معذور افراد کی فلاح و بہبود کیلئے کوشاں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں معذورافراد کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

تقریب میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم,نائب صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان ڈاکٹر مشتاق مانگٹ،صدر الخدمت وسطی پنجاب اکرام الحق سبحانی نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں معذور افراد اور مختلف شعبہ ہائے سے تعلق رکھنے والی مردو خواتین نے شرکت کی۔سرپر ست اعلیٰ الخدمت فاؤنڈیشن لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کو اللہ تعالیٰ نے اقتداردیا تو اسلامی تعلیمات کی روشنی میں لوگوں کو تمام بنیادی حقوق فراہم کیے جائیں گے۔

حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ معذوروں کے ملازمت کے کوٹے کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور ان کے لیے الگ سکولز اوربحالی کے مراکز قائم کیے جائیں۔تمام شعبوں میں معذوروں کی نوکریوں کے لیے کوٹہ مختص کیا جائے۔ امیر لاہور نے کہاکہ الخدمت فاؤنڈیشن معذور افراد سمیت معاشرے کے دیگر مستحق لوگوں کی فلاح و بہبود کیلئے کوشاں پاکستان کی متحرک این جی او ہے جس پر ہر محب وطن پاکستانی کو فخر ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں