محکمہ جنگلی حیات نے کریک ڈائون کا دائرہ وسیع کر دیا،ہوٹلوں اورریستوران میں بھی چھاپے

جنگلی جانوروں و پرندوں کے غیر قانونی شکار میں ملوث 49 افراد گرفتار،ساڑھے چار لاکھ سے زائد جرمانہ عائد

ہفتہ 4 دسمبر 2021 20:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 دسمبر2021ء) محکمہ تحفظ جنگلی حیات وپارکس پنجاب نے غیر قانونی شکاریوںکیخلاف صوبہ بھر میں جاری کریک ڈائون کا دائرہ ہوٹلوں اور ریستوران تک بڑھا دیا ،صوبہ کے مختلف مقامات پر متعدد کامیاب کارروائیوں کے دوران46 غیر قانونی شکاریوں کو گرفتار کر کے اُن سے چار لاکھ چالیس ہزار روپے محکمانہ معاوضہ کی مد میں وصول کر لئے۔

تفصیل کے مطابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈلائف ٹوبہ ٹیک سنگھ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ مقامی پولیس کے تعاون سے پیرمحل موٹروے انٹر چینج پر اچانک چھاپے کے دوران ایک نجی ریستوران سے زندہ تیتر ،مرغابیاں اور جنگلی کبوتر برآمد کرکے 02افراد کو گرفتارکیااوران کے چالانات عدالت میں پیش کئے عدالت نے پرندوں کو قدرتی ماحول میں آزاد کرنے کاحکم صادرفرمایا اور مقدمہ مزید کارروائی کیلئے زیر سماعت رکھا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف ساہیوال ریجن جام ذوالفقار علی کی ہدایت پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈلائف اوکاڑہ امانت انجم نے اپنی ٹیم کے ہمراہ حویلی لکھا اور دیپالپورسے جنگلی طوطوں اور بٹیر کے غیرقانونی شکار میں ملوث22 شکاریوں کو گرفتارکرکے انہیں مجموعی طورپرمبلغ 01لاکھ 29ہزار روپیہ جرمانہ کیا۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈلائف بہاولنگر منور حسین نجمی نے جنگلی طوطوں اور مرغابی کے شکار میں ملوث05غیرقانونی شکاریوں کو گرفتار کرکے انہیں مبلغ 90ہزار روپے جرمانہ عائد کیا۔

اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈلائف لیہ اسد اللہ خان لغاری نے تحصیل چوبارہ سے جنگلی خرگوش کے غیر قانونی شکار میں ملوث 07افراد کوگرفتارکرکے تھانہ چوبارہ کی حوالات میں بند کردیااور ازاں بعد کیس کمپائونڈ ہونے پرمبلغ 70 ہزار روپے جُرمانہ کیا۔ مزید برآں ایسی ہی دیگر 02 کامیاب کارروائیوں کے دوران اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف نارووال رانا زاہد پرویز نے اپنی ٹیم کے ہمراہ پاکستان رینجرز کی مدد سے بارڈر بیلٹ ایریا شکر گڑھ سے کُتوں کی مدد سے سئور کے غیر قانونی شکار میں ملوث07 افراد کو گرفتار کر کے اُنہیں 55ہزار روپے جُرمانہ کیانیز گزشتہ دنوںظفروال کے علاقے میں بھٹکی پاڑہ ہرن کو آبادی سے پکڑ کر ذبح کرکے گوشت تقسیم کرنے والے 06افراد کو مقامی پولیس کے تعاون سے گرفتار کر کے اُن سی60 ہزار روپے محکمانہ مُعاوضہ کی مدمیںوصول کرلئے گئے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں