ڈاکٹر اختر حسین ملک نے گزشتہ تین ماہ میں کی گئیں تقرریاں، تعیناتیوں کی تفصیل طلب کرلی

منگل 16 اگست 2022 23:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2022ء) صوبائی وزیر برائے پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر اختر حسین ملک نے کہا کہ محکمہ صحت کے زیر انتظام تمام ہسپتالوں کی ایمرجنسی کو اپ گریڈ کر کے مریضوں کو جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ میڈیکولیگل سرٹیفیکیٹس جاری کرنے کے نظام کو شفاف بنایا جائیگا اور جعلی ایم ایل سی جاری کرنے میں ملوث مافیا اور نیٹ ورک کا مکمل خاتمہ کیا جا ئے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی وزیر کا چارج سنبھالنے کے بعد محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے دورہ کے دوران محکمہ کی تفصیلی بریفنگ لیتے ہوئے کیا۔صوبائی سیکرٹری صحت علی جان خان نے صوبائی وزیر کو محکمہ کی ورکنگ اورکارکردگی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سپیشل سیکرٹریز صالحہ سعید اور فاطمہ شیخ، تمام ایڈیشنل سیکرٹریز، ای پی آئی، آئی آر ایم این سی ایچ، پی ایم یو، ای پی آئی کے پراجیکٹ ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔

علی جان خان نے بریفنگ کے دوران گزشتہ 7 سال کے دوران محکمہ صحت میں متعارف کردہ اصلاحات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔محکمہ صحت کے سالانہ بجٹ، ترقیاتی منصوبوں، ادویات کی خریداری کا طریقہ کار اور دیگر آلات و سامان سے متعلق بھی صوبائی وزیر کو آگاہ کیا۔صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ تمام BHUs اور RHCs کی کارکردگی کی ویڈیو روزانہ کی بنیاد پر شئیر کی جائیں۔

ڈاکٹر اختر حسین ملک نے محکمہ صحت میں گزشتہ تین ماہ کے دوران ملازمین کی تقرریاں اور تعیناتیوں، خالی اسامیوں اور فراہم کردہ ادویات کی مکمل تفصیل طلب کرلی۔انہوں نے کہا کہ محکمہ میں زیر التوا کیسز قواعد و ضوابط کے مطابق جلدی نمٹائے جائیں۔تمام THQ / DHQ اور BHUs/ RHCs کو بذریعہ ویڈیو لنک منسلک کرنے کا نظام بھی وضع کیا جائے۔سیکرٹری صحت علی جان خان نے بتایا کہ محکمہ صحت میں قائم ہسڈو کے ذریعے الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کی 24 گھنٹے مانیٹرنگ کی جارہی ہے اور تمام ہسپتالوں کی کارکردگی اور ورکنگ کی ویژیول مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔

علی جان خان کا کہنا کہ کسی بھی شکایت رپورٹ ہونے پر فوری نوٹس لیکر متعلقہ افسر سے رپورٹ طلب کرلی جاتی ہے۔بعد ازاں علی جان خان نے صوبائی وزیر کو ہسڈو، پارلیمانی لاونج، پبلک ویٹنگ ایریا اور ڈرگ ٹیسٹنگ لیبز کے تمام شعبہ جات سے متعلق تفصیلی آگاہ کیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں