وزیر اعلی سے ڈیجیٹل کوآپریشن آرگنائزیشن وفد کی ملاقات،سعودی کمپنیوں کو تربیت یافتہ آئی ٹی ماہرین بھیجنے کے خواہاں ہیں، مریم نواز

جمعہ 19 اپریل 2024 20:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2024ء) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز سے ڈیجیٹل کوآپریشن آرگنائزیشن( ڈی سی او) کی سیکرٹری جنرل دیمہ ال یحیی نے ملاقات کی۔ دیمہ ال یحیی نے مریم نوازکو پہلی خاتون وزیر اعلی منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ وزیر اعلی مریم نواز نے پاکستان میں انفارمشن ٹیکنالوجی کی ترقی کے لئے ڈیجیٹل کو آپریشن آرگنائزیشن کے تعاون کو سراہا اورکہا کہ دور حاضر میں ہر ملک کی ترقی کا دارومدار جدید ٹیکنالوجی کے حصول پر ہے۔

پاکستانی نوجوانوں میں آئی ٹی کا بہت پوٹینشل ہے۔ بہتر تربیت اور ٹیکنالوجی کی فراہمی سے نوجوانوں کا مستقبل سنوارا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو نوکری تلاش کرنے کی بجائے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے قابل بناناہے۔

(جاری ہے)

ورچوئل ایجوکیشن کے فروغ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے گریجویٹس کی تعداد بڑھانے کی ضرورت ہے۔وزیر اعلی نے کہا کہ پنجاب سے سعودی کمپنیوں کو تربیت یافتہ آئی ٹی افرادی قوت فراہم کرنے کے خواہاں ہیں۔

سعودی عرب کے اعلی ٹیک انکیوبیٹرز کے ساتھ سٹارٹ اپ ایکسچینج پروگرام قائم کرنا چاہتے ہیں۔ پاکستان اور سعودی عرب چپ بنانے کی صنعت، لیتھیم آئن بیٹریوں، الیکٹرک گاڑیوں کے شعبے میں ملکر کام کرسکتے ہیں۔ دونوں ممالک کو زراعت اور کان کنی کی ٹیکنالوجیز پر کام کرنے کے لیے مزید تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو ڈیجیٹل معیشت سے فائدہ اٹھانے کے قابل بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔

پاکستانی نوجوان فری لانسرز کی محنت سے ملک میں اربوں ڈالر کا زرمبادلہ آرہا ہے۔ڈیجیٹل معیشت میں لوگوں، کمپنیوں اور ممالک کے لیے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔لاہور میں جدید آئی ٹی سٹی بنانے جا رہے ہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ آئی ٹی اینڈ ٹیک ڈسٹرکٹ، ایجوکیشن سٹی، فلم سٹی، کمرشل اور رہائشی علاقے تعمیر کئے جائیں گے۔دیمہ ال یحیی نے آئی ٹی سی این کے 24ویں ایڈیشن کی لاہور میں میزبانی پر وزیر اعلی کو مبارکباد دی۔

سیکرٹری جنرل ڈی سی او دیمہ ال یحیی نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کامرس نیٹ ورک ( آئی ٹی سی این ) کی میزبانی سے پاکستان میں آئی ٹی انڈسٹری کو فروغ ملے گا۔ سعودی عرب نے ڈی سی او کا آغاز ٹیکنالوجی میں تعاون اور ڈیجیٹل معیشت کی ترقی کو تیز کرنے کے لیے کیا تھا۔ کونسل کے بانی رکن کے طور پر پاکستان کا کردار بے پناہ اہمیت رکھتا ہے۔ دیمہ ال یحیی نے کہا کہ خواتین کی ڈیجیٹل شمولیت ڈی سی او کے مینڈیٹ کا بنیادی حصہ ہے۔

تنظیم خواتین اور نوجوانوں کو ڈیجیٹل بااختیار بنانے کے لیے کام کررہی ہے۔ پاکستان کے آئی ٹی سیکٹر میں بین الاقوامی سرمایہ کاری کو بڑھانے میں ڈی سی او اپنا کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں ملکر کام کرنے کیلئے مفاہمتی یادداشت موجود ہے۔ پاکستان بطور رکن ملک ڈی سی او کے دیگر ممبر ممالک کے آئی ٹی اقدامات سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔

ڈیجیٹل کوآپریشن آرگنائزیشن پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت میں خواتین کی شرکت کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔ پاکستان کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری اور کلاڈ سروسز فراہم کرنے کیلئے کام کر رہے ہیں۔ سیکرٹری جنرل ڈی سی او نے کہا کہ پاکستانی کمپنیوں کو جی سی سی ممالک میں آئی ٹی کے شعبے میں آپریشنز بڑھانے کیلئے مدد فراہم کررہے ہیں۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان،سی ای او سی بی ڈی عمران امین اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں