لاہور پولیس پاکستان نیوزی لینڈ ٹی ٹونٹی کرکٹ میچوں کے جامع سیکورٹی پلان پرعمل پیرا ہے،سی سی پی او

جمعرات 25 اپریل 2024 16:13

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2024ء) لاہور پولیس نےپاکستان نیوزی لینڈ ٹی ٹونٹی کرکٹ سیریز کے پرامن انعقاد کےلئے فول پروف سکیورٹی انتظامات تشکیل دیئےہیں۔ صوبائی دارالحکومت میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین 2 ٹی ٹونٹی میچز 25اور 27 اپریل کو قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے ہیں۔ٹی ٹونٹی میچوں کے دوران 14 ایس پیز،37 ایس ڈی پی اوز،71 ایس ایچ اوز اور448 اپر سبارڈینیٹس سمیت ساڑھے پانچ ہزار سے زائد پولیس اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی کے فرائض انجام دیں گے۔

کیپٹل سٹی پولیس آفیسر لاہور بلال صدیق کمیانہ نے جمعرات کے روز جاری بیان میں کہا کہ لاہور پولیس پاکستان نیوزی لینڈ ٹی ٹونٹی کرکٹ میچوں کے جامع سیکورٹی پلان پرعمل پیرا ہے، لاہور پولیس ملکی و غیرملکی کرکٹرز اور شائقین کو فول پروف سکیورٹی فراہم کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کرکٹ میچوں کے دوران شہر بھر کی سکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی۔بلال صدیق کمیانہ نے متعلقہ افسران کو پاکستان سپورٹس بورڈ،ضلعی انتظامیہ اور سکیورٹی اداروں سے مسلسل رابطے میں رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ سٹیڈیم،کھلاڑیوں کی رہائش اور روٹس کے سکیورٹی پلان پر اس کی روح کے مطابق عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ سٹیڈیم میں داخلے سے قبل ہر فرد کی تلاشی اور خواتین شرکا کی چیکنگ بذریعہ لیڈیز پولیس عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے میچوں کے دوران ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لئے موثر اقدامات کی ہدایات کے ساتھ ساتھ لا اینڈآرڈر کی صورتحال کا جائزہ لینے کےلئے سیف سٹی اتھارٹی و دیگر کنٹرول رومز کے ذریعے موثر مانیٹرنگ یقینی بنائے جانے کے بھی احکامات جاری کئے۔سی سی پی او لاہور نے میچز کے دوران ڈولفن فورس،سپیشل پروٹیکشن یونٹ اور ایلیٹ فورس کی ٹیموں کو موثر پٹرولنگ یقینی بنانے اور سینئر پولیس افسران کو فیلڈ میں موجود رہ کر حالات پرکڑی نظر رکھنے کی بھی ہدایات جاری کیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں