فارم 48،47اور49جاری ہونے کے بعد ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم نہیں دیا جا سکتا‘ہائیکورٹ کا تحریری فیصلہ

این اے 81سے رانا بلال اعجاز کی کامیابی برقرار ،الیکشن کمیشن کا (ن) لیگ کے اظہر قیوم کی درخواست پر دوبارہ گنتی کا نوٹیفکیشن غیر قانونی قرار

جمعرات 25 اپریل 2024 16:19

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2024ء) لاہور ہائیکورٹ نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 81گوجرانوالہ سے سنی اتحاد کونسل کے رانا بلال اعجاز کی کامیابی کو برقرار رکھتے ہوئے الیکشن کمیشن کے (ن) لیگ کے اظہر قیوم کی درخواست پر دوبارہ گنتی کے نوٹیفکیشن کو غیر قانونی قرار دیدیا۔تحریری حکم میں قرار دیا گیا ہے کہ فارم 47، 48اور 49جاری ہونے کے بعد دوبارہ گنتی نہیں ہوسکتی، انتخابی عمل یا الیکشن پروسیس کے دوران ووٹوں کی گنتی کا نوٹیفکیشن جاری ہوسکتا تھا۔

(جاری ہے)

تحریری فیصلے کے مطابق الیکشن کمیشن کا دوبارہ ووٹوں کی گنتی کا نوٹیفکیشن قانونی اثر نہیں رکھتا، عدالت دوبارہ ووٹوں کی گنتی کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیتی ہے، دوبارہ ووٹوں کی گنتی کا 18 مارچ کا نوٹیفکیشن غیر قانونی ہے۔جسٹس شاہد کریم نے چوہدری بلال اعجاز کی درخواست پر تحریری فیصلے میں مزید لکھا ہے کہ ریکارڈ کے مطابق ریٹرننگ افسر نے مخالف امیدوار اظہر قیوم کی دوبارہ ووٹوں کی گنتی کی درخواست خارج کردی۔ درخواست گزار نے ایک لاکھ 17 ہزار سات سو 17 ووٹوں سے کامیابی حاصل کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں