وزیر اعلی کی ہدایت، پنجاب پولیس کا منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری

منشیات کے مکروہ دھندے میں ملوث ملزمان کے خلاف 122 مقدمات درج،مزید 125 ملزمان گرفتار

جمعرات 25 اپریل 2024 19:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2024ء) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب پولیس کا منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اور ڈرگ فری پنجاب مہم کے سلسلے میں صوبہ بھر میں اینٹی نارکوٹکس ٹارگٹڈ آپریشنز میں تیزی لائی گئی ہے ۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انو رنے کہاکہ ایک ہی دن میں لاہور سمیت صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کے اڈوں پر 300 سے زائد چھاپے مارے گئے ، منشیات کے مکروہ دھندے میں ملوث ملزمان کے خلاف 122 مقدمات درج کرتے ہوئے 125 ملزمان کوگرفتارکیاگیا، ملزمان کے قبضہ سے 52 کلو چرس اور 1346 لٹر شراب بر آمد کی گئی۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے مزید کہاکہ 26 فروری سے جاری خصوصی مہم کے دوران صوبہ بھر میں منشیات کے ملزمان کے اڈوں پر 17251 چھاپے مارے گئے ، منشیات فروشوں کے خلاف 8142 مقدمات درج کرتے ہوئے 8631 ملزمان کوگرفتار کیاگیا، ملزمان کے قبضے سے 5497 کلو گرام چرس، 97 کلو ہیروئن، 216 کلو افیون، 27 کلو آئس، 108183 لٹر شراب بر آمد کی گئی۔

(جاری ہے)

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے ہدایت کی کہ نوجوان نسل کو زہر کی لت لگانے والے سفاک ملزمان کے قلع قمع کیلئے جاری مہم کو مزید تیز کیا جائے ، آر پی اوز، ڈی پی اوز سپلائی چین میں ملوث تمام ملزمان کو بے نقاب کرکے قرار واقعی سزائیں دلوائیں۔

آئی جی پنجاب نے مزیدکہاکہ منشیات کی بین الصوبائی اسمگلنگ میں ملوث بڑے مگر مچھوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے ، اے این ایف اور دیگر حکومتی اداروں کے ساتھ موثر کوارڈینیشن سے ٹارگٹڈ کاروائیاں جاری رکھی جائیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں