ا*ایمن آباد رورل ہیلتھ سنٹر میں پہلی بار ہرنیا کا آپریشن کیا گیا

وزیراعلی کی قیادت میں ہیلتھ سیکٹر میں اصلاحات کا اجراء چیلنج سمجھ کر قبول کیا ہے، خواجہ عمران نذیر

جمعرات 25 اپریل 2024 21:30

ز*لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 اپریل2024ء) تعلیم اور صحت وزیر اعلی پنجاب مریم نوازشریف کی اہم ترین ترجیحات ہیں اور میں بڑے دکھی دل سے کہہ رہاہوں کہ 2018 سے پہلے محکمہ صحت جہا ں تھا آج وہ اس سے نیچے چلا گیا ہے اور جو ہیلتھ انڈیکیٹرز ہیں وہ بھی کافی خراب ہو گئے ہی اور ہم جو سسٹم ڈویلپ کرکے گئے تھے آج وہ سسٹم بھی باقی نہ رہے اور اب اگر ہمیں محکمہ صحت کو 2018 والی پوزیشن پر واپس لے کر جاناہے تواس کیلئے بھی ایک لمباسفر درکار ہے لیکن مریم نواز شریف کی قیادت میں ہم نے اس چیلنج کو قبول کرکے آگے بڑھنا ہے اور ان کا یہ وژن ہے کہ صحت کی تمام ممکنہ سہو لیات عوام کو ان کی دہلیز پر ملنا چا ہیئے۔

ان خیالات کااظہار صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ پنجاب خواجہ عمران نذیر نے کمشنر آفس گوجرانوالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن سید نوید حیدر شیرازی‘ ڈپٹی کمشنر طارق قریشی‘چیئر مین جی ڈبلیو ایم سی کاشف اسماعیل گجر اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ صو بائی وزیر نے کہاکہ مریم نواز شریف کی زیر صدارت ہیلتھ ریفارمز کے حوالہ سے منعقدہ اجلاس کے بعد یہ فیصلہ کیاگیا ہے کہ صوبہ بھر میں محکمہ صحت کے کم و بش تین ہزار ہسپتالوں‘ آر ایچ سیز کی بہتری و بحالی کے ساتھ 25 سو کے لگ بھگ بنیادی مراکز صحت کی ایک سال میں 31 مارچ 2025 تک بحال و بہتر کرنے کا پلان بنایا ہے جس کو ہرصورت کامیابی کے ساتھ مکمل کیاجائے گا اور اس منصوبے کے تحت بلڈنگ کی بحالی کے ساتھ ایچ آر اور طبی آلات کی کمی کو بھی پورا کیا جائے گا اور تمام درکار سہولیات کی فراہمی کو اسٹیٹ آف دی آرٹ معیار کے ساتھ یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ ہم 300 آر ایچ سیز کو بھی ری ویمپ کرنے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ انہیں بڑی خوشی ہو رہی ہے کہ آر ایچ سی ایمن آباد میں پہلی بار ہرنیا کا آپریشن کیاگیا جس پر کمشنر‘ ڈپٹی کمشنر‘ سی ای او ہیلتھ اور محکمہ صحت کے تمام متعلقہ افسران اور ڈاکروں کا شکریہ اداکرتے ہیں کہ وہ اسی جذبے کے ساتھ محکمہ صحت کی بہتری اور عوام کو بنیادی سہو لیات کو ان کی دہلیز پر دستیابی کیلئے کوشاں رہیں گے۔

صوباِئی وزیر نے کہاکہ کسی بھی صورت ڈیوٹی سے غیر حاضری‘ ادویات کی عدم دستیابی اور مریضوں کی دیکھ بھال میں کو تاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور ضروری ادویات کی قلت اورعدم دستیابی میں ملوث مافیا کے خلاف پوری سختی سے ایکشن لیتے ہوئے ایف آئی آرز درج ہوں گی اور گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں گی۔ ایک سوال کے جواب میں صو بائِی وزیر کہاکہ ''نگہبان رمضان پیکیج '' میں مبینہ طورپر ہونے والی بد عنوانیوں کی انکوائری کی جائے گی او اس سلسلہ میں کمشنر گوجرانوالہ جلد از جلد انکوائری رپورٹ صوبائی حکومت کو بھجوائیں تاکہ کسی بھی سطح پر بد عنوانی اور غفلت ثابت ہونے پر ذمہ داران کے خلاف ٹھوس ایکشن لیا جا سکے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں