ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والی فیکٹریوں کے خلاف کارروائی تیز کردی گئی ہے

ایئر کوالٹی انڈیکس میں بہتری کو یقینی بنانے کیلئے 7 دن کی ڈیڈ لائن مقررکی گئی :مریم اورنگزیب ٓسموگ پر قابو پانے کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز کو یکجان ہو کر کام کرنا ہو گا:سینئر صوبائی وزیر

منگل 30 اپریل 2024 21:14

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 اپریل2024ء) پنجاب بھر میں اینٹی سموگ آپریشن کے تحت سینئرصوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی خصوصی ہدایت پر سی اینڈ ڈبلیو کے نجی کنٹریکٹر زکو انتباہی نوٹس جاری کیا گیاہے۔سی اینڈ ڈبلیو کے نجی کنٹریکٹرزکو عملددرآمد کے لیے تاریخ میں پہلی بارمحکمہ تحفظ ماحول نے نوٹس جاری کیا ہے۔نوٹس پرعملدرآمد کرتے ہوئے بابو صابو انٹرچینج سے آپریشن کااغاز کیا گیاہے۔

ایئر کوالٹی انڈیکس میں بہتری کو یقینی بنانے کیلئے 7 دن کی ڈیڈ لائن مقررکی گئی ہے۔سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اگر سات دِن میں صورتحال میں تبدیلی نہ لائی گئی تو بھاری جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایت پر ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیںکیونکہ ماحولیاتی آلودگی ایک سنجیدہ چیلنج ہے۔

(جاری ہے)

سموگ پر قابو پانے کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز کو یکجان ہو کر کام کرنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ٹائروں کو جلانے سے پیدا ہونے والی سیاہ راکھ کی برسات کے خاتمے کیلئے بھی گرینڈ آپریشن جاری ہے۔ مختلف شہروں میں ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والی فیکٹریوں کے خلاف کارروائی تیز کردی گئی ہے جبکہ ٹائروں کو پگھلانے سے زہریلے دھوئیں اور کیمیائی تعفن پھیلانے میں ملوث درجنوں فیکٹریاں سیل کردی گئیں ہیں۔

لاہور، شیخوپورہ اور مرید کے سمیت مختلف شہروں میں ماحولیاتی تحفظ کے ادارے نے میونسپل کارپوریشن اور ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ کارروائیاں کیں تھیں۔انہوں نے کہا کہ ٹائر پگھلانے سے سیاہ کیمیائی لیس دار مادہ پیدا ہوتا ہے جو سانس کے راستے پھیپھڑوں میں چلا جاتا ہے اور کینسر سمیت دیگر جان لیوا بیماریاں پیدا کرتا ہے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ ای پی اے نے پائیرولیسیس پیدا کرنے والے پلانٹس بند کرادئیے ہیں اورکارروائی کا دائرہ مزید بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے ان فیکٹریوں میں کام کرنے والے نوجوان، بزرگ ورکرز کی تصاویر بھی جاری کردی ہیں۔پائیرولیسس پیدا کرنے والی فیکٹریوں کے ورکرز کو کوئی حفاظتی سامان مہیا نہیں جس سے وہ مہلک بیماریوں کا شکار ہوتے ہیں۔، مریم اورنگزیب نے کہا کہ ٹائر جلانے سے پیدا ہونے والے دھوئیں سے لوگ دمے، سانس اور پھیپھڑوں کی مہلک بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں۔

سینئر وزیر پنجاب نے اپنے بیان میں کہا کہ 400 سے 800 درجہ حرارت پر ٹائر اور دیگر نامیاتی اجزاء جلانے سے انتہائی زہریلی گیس 'کاربن مونو آکسائیڈ' پھیلتی ہے، یہ فیکٹریاں فضا میں موت پھیلا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز شریف کا ٹارگٹ ہے کہ جلد سے جلد پنجاب کی فضا کو ایسے زہر سے پاک کیاجائے جو بچوں سمیت شہریوں کے زندگیوں کو تباہ کر رہا ہے۔

سینئر وزیرنے کہا کہ محمود بوٹی پرواقع 4 پلانٹس اور شیخوپورہ میں شیخ ماجد پائرولیسس پلانٹ،افتاب شاہ گیلانی پائرولیسس پلانٹ،شیخ عامر پائرولیسس پلانٹ،زین رفاقت پائرولیسس پلانٹ،اے ایچ یو پائرولیسس پلانٹ،وقاص، نعیم پائرولیسس پلانٹ،دانش پائرولیسس پلانٹ،عامر پائرولیسس پلانٹ،شعیب پائرولیسس پلانٹ،علی پائرولیسس پلانٹ اور بہادرپائرولیسس پلانٹ کومنہدم کرکے بجلی کے کنکشنز کاٹ دیئے گئے ہیں-

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں