امیرالدین میڈیکل کالج کی طالبہ کااعزاز،ایم بی بی ایس امتحان میں دوسری پوزیشن حاصل کرلی

ہفتہ 11 مئی 2024 17:23

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2024ء) لاہور جنرل ہسپتال سے منسلک امیر الدین میڈیکل کالج کی ہونہار طالبہ آمنہ انور نے معرکہ سر کر لیا،4thایئر پروفیشنل ایم بی بی ایس کے امتحانات میں حصہ لینے والے پنجاب کے 44میڈیکل کالجز میں سے دوسری پوزیشن حاصل کر کے اے ایم سی اساتذہ کا سر فخر سے بلند کر دیا ،اسی کالج کے 36دیگر طلبہ نے بھی امتیازی نمبروں سے امتحان پاس کیا۔

اس حوالے سے ایل جی ایچ میں تقریب منعقد کی گئی جس میں پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر نے آمنہ انور کو تعریفی سرٹیفیکیٹ سے نوازا اور مبارکباد دی۔ اس موقع پر کالج فیکلٹی ممبران، ایم ایس ایل جی ایچ ڈاکٹر فریاد حسین اور طلبہ کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔پروفیسر الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ آمنہ انور نے پنجاب میں دوسری پوزیشن حاصل کر کے نہ صرف اساتذہ بلکہ اپنے والدین کا بھی سر فخر سے بلند اور طب کے میدان میں امیر الدین میڈیکل کالج کا نام روشن کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ امیر الدین میڈیکل کالج نے اپنے ابتدا سے ہی میڈیکل تعلیم کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا ہے ،پی جی ایم آئی پروفیسرز نے محنت و کاوشوں سے قابل ڈاکٹرز تیار کرنے کی اپنی روایت کو برقرار رکھا ہے۔ پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ آئندہ بھی دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے بہترین معالج تیار کرنے کا مشن جاری رکھا جائے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں