بین المذاہب ہم آہنگی کافروغ وقت کی اہم ضرورت ہے،ڈاکٹرراغب نعیمی

اتوار 12 مئی 2024 19:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2024ء) دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلی علامہ ڈاکٹرراغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ بین المذاہب ہم آہنگی کافروغ وقت کی اہم ضرورت ہے،معاشرے میں امن وامان برقرار رکھنے کیلئے برداشت کے کلچرکوعام کرناہوگا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے اتوار کے روز یہاں حکومت کی طرف سے ستارہ امتیاز ملنے پر لاہور چیمبر آف کامرس میں اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب پذیرائی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ا س موقع پر لاہور چیمبر آف کامرس کے صدرکاشف انور نے علامہ ڈاکٹرراغب حسین نعیمی،سابق ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے بشارت محمودشہزاد اور سینئر صحافی آغاافتخار احمدکواعزازی شیلڈسے نواز۔ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا کہ ہمیں معاشرے میں صبروتحمل کو پروان چڑھانا ہے ، انتشار کی کوئی گنجائش نہیں اسلامی تعلیمات اخوت وبھائی چارے ،تحمل وبرداشت، الفت ومحبت اوررواداری پرمبنی ہیں۔

(جاری ہے)

بطور ایک پاکستانی شہری ہم سب کی ذمہ داری بنتی ہے کہ دوسروں کی رائے کا احترام کیا جائے اور بے بنیاد الزامات سے گزیر کیا جائے۔ہمیں آگے بڑھنے کیلئے تعصب سے بالاتر ہوکرسوچنے کی ضرورت ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آغا افتخار احمد نے کہاکہ وطن عزیز میں بسنے والے تمام مذاہب کے ماننے والوں کو آئین پاکستان کے مطابق مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔اسلام کے سنہری دور یعنی خلفائے راشدین کے دور میں بھی دیگر مذاہب کے ماننے والوں کو بطور ذمی اور رعایا ریاست کے تمام حقوق حاصل تھے اور انھیں اپنے مذاہب کے مطابق عبادات کرنے کا پورا حق حاصل تھا۔تقریب کے اختتام پرملک وقوم کی سلامتی کیلئے خصوصی دعاکرائی گئی۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں